
گوجرہ: دوست کی مہندی میں جانے والے لڑکے نے اپنے دوست کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
ایکسپریس نیوزکے مطابق گوجرہ میں 2 دوستوں میں جھگڑا ہوا تو بات اتنی بڑھی کہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک نے دوسرے کی جان لے لی۔
پولیس حکام کے مطابق 3 دوست مہندی کی تقریب میں جارہے تھے، کہ راستے میں عرفان شاہ نامی لڑکے نے پسٹل سے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ہارون عبدالاحد شدید زخمی ہوگیا۔
ہارون عبدالاحد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی گئی تاہم وہ زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ مقتول کے والد کی مدعیت میں عرفان شاہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
مقتول ہارون عبدالاحد کے والد کا کہنا ہے کہ ملزمان نے پرانی عداوت پر میرے بیٹے کو قتل کرنے کا پروگرام بنایا اور اسے ایک دوست کی مہندی میں جانے کیلئے رضامند کر کے اپنی دشمنی نکال لی۔
مقامی میڈیا کے مطابق مقتول ہارون عبدالاحد گوجرہ میں ہی نجی بیکری پر ملازم تھا۔ جو کہ بوڑھے والدین کا واحد سہارا اور 2 بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا۔
مقتول ہارون عبدالاحد کے والد نے حکام سے اپیل کی ہے کہ پولیس کو پابند کیا جائے کہ فوری طور پر ملزموں کو گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لائے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/dost111.jpg