
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف راجا ریاض نے سابق وزیراعظم عمران خان کیلئے نامناسب الفاظ کا استعمال کیا ہے، اسپیکر قومی اسمبلی نے الفاظ کارروائی سے خذف کروادیئے۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اپوزیشن لیڈر راجا ریاض نے ایوان سے خطاب کے دوران سابق وزیراعظم عمران خان کیلئے 'شیطان' کا لفظ استعمال کیا۔
تاہم اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے اس لفظ کو ایوان کی کارروائی سے خذف کرتے ہوئےریمارکس دیئے کہ راجا ریاض نے دوران تقریر عمران خان کیلئے نامناسب لفظ کا استعمال کیا، یہ لفظ غیر پارلیمانی ہے اسی لیے اس کو کارروائی سے حذف کیا جارہا ہے۔
اسپیکر کی جانب سے عمران خان کیلئے استعمال کیے گئے نامناسب لفظ کوحذف کرنے کے ریمارکس پر ردعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر نے کہا کہ شیطان کو شیطان نا کہنا شیطان کا ساتھی ہونے کے مترادف ہے، بلکہ یہ تو کھلی شیطانیت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر عمران خان کو شیطان نا کہا جائے تو ملک کے آئین و قانون سے کھلواڑ کرنے والے کو اور کیا کہا جائے؟
دوسری جانب قومی اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے سیاہ فیصلہ دیا،فل کورٹ کی بجائے ضد پر مبنی فیصلہ دیا گیا،ان کاکہناتھا کہ آج اتنے سال گزرنے کے باوجود قانون پر عمل نہیں کر رہے ،بدقسمتی سے ہٹ دھرمی کی گئی فل کورٹ بنچ نہیں بنایاگیا۔
راجہ ریاض کا اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہناتھا کہ پاکستان کے عوام کی بات نہیں سنی گئی ، لاڈلے کو نوازاگیا،لاڈلے نے 4 سال تک ملک کو تباہ کیا،ان کاکہناتھا کہ آج ایک ایسا فیصلہ آجاتا کہ ہم فل کورٹ بنانے جا رہے ہیں۔
اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی نے کہاکہ آج ملک میں خون خرابے، انتشار کی بنیاد رکھی گئی ،عمران خان نے اس انتشار کی بنیاد رکھی آج خوش ہوں گے ،ان کاکہناتھا کہ جن ججز نے فیصلہ لکھا ان کے بارے میں تاریخ کبھی نہ کبھی ضرور لکھے گی ۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/raja-rizhaai.jpg