رانا شمیم کی توسیع میرے اختیار میں نہیں تھی،ثاقب نثار کی وضاحت

5gharida.jpg

سابق چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے صحافی و اینکر پرسن غریدہ فاروقی سے گفتگو کرتے ہوئے خود سے منسوب تمام خبروں کی ایک بار پھر تردید کردی ہے۔

مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر صحافی و اینکر پرسن غریدہ فاروقی نے سلسلہ وار ٹویٹس میں کہا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار سے کچھ ہی دیر پہلے بات ہوئی۔ انہیں پروگرام میں آ کر اپنا موقف دینے کی دعوت دی۔ ان کا کہنا تھا وہ ٹی وی پر آ کر بات نہیں کرنا چاہتے۔

https://twitter.com/x/status/1460230106425794568
غریدہ فارقی کے مطابق سابق چیف جسٹس نے چیف جسٹس گلگت بلتستان کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے خبروں کی بھی تردید کی اور وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ رانا شمیم ٹھیک کہہ رہے ہیں ان کی مدت ملازمت میں توسیع میرے اختیار میں نہیں تھا، نہ میں نے ایسی کوئی بات کی کہ میں نے توسیع دینی تھی۔

https://twitter.com/x/status/1460230524723732487
غریدہ فارقی نے کہا کہ چیف جسٹس پاکستان نے مجھ سے کہا کہ بطور چیف جسٹس گلگت بلتستان رانا محمد شمیم نے کچھ ایسے فیصلے کیے جو غیر قانونی اور پاکستانی حدود پر اپلائی نہیں ہوتے تھے، جب وہ فیصلے سپریم کورٹ میں چیلنج ہوئے تو میں نے ان فیصلوں کو معطل کردیا۔

https://twitter.com/x/status/1460231804930039809
غریدہ فارقی نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے حوالے سے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ثاقب نثار کہتے ہیں بعد میں جب محمد شمیم کی اہلیہ کی وفات کی تعزیت کے موقع پر رانا شمیم نے مجھ سے کہا کہ وفاقی حکومت میری مدت ملازمت میں توسیع کرنا چاہتی ہے مگر آپ کی جانب سے میرے فیصلوں کو معطل کیے جانے کی وجہ سے مجھے توسیع نہیں مل رہی۔

https://twitter.com/x/status/1460232340794343427
واضح رہے کہ خبررساں ادارے دی نیوز کے صحافی انصار عباسی کی ایک خبر نے ملک کے سیاسی منظر نامےپر ہلچل مچادی ہے، خبر میں سابق چیف جسٹس گلگت بلتستان محمد شمیم کا ایک حلف نامہ شامل کیا گیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ سابق چیف جسٹس پاکستان نے ان کے سامنے فون پر کسی سے بات کرتے ہوئے نواز شریف اور مریم نواز کی ضمانت الیکشن سے قبل نہ دینے کی ہدایات دیں۔

سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے صحافی انصار عباسی کی خبر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ میرے متعلق رپورٹ خبر حقائق کے منافی ہے، سابق چیف جسٹس جی بی رانا شمیم کے سفید جھوٹ پر کیا جواب دوں۔ یہ میرے لیے ممکن نہیں کہ اپنے خلاف چلنے والی خبروں کی وضاحتیں پیش کرتا پھروں۔

چیف جسٹس (ر) ثاقب نثار نے کہا کہ رانا شمیم بطور چیف جسٹس عہدے کی ایکسٹینشن مانگ رہے تھے ، میں نے توسیع منظور نہیں کی لیکن ایک بار رانا شمیم نے مجھ سے ایکسٹینشن نہ دینے کا شکوہ بھی کیا۔

سابق چیف جسٹس نے ایک اور نجی چینل سے گفتگو کے دوران کہا کہ میرے خلاف مہم کوئی نئی بات نہیں، آئے روز نئے نئے الزامات سننے کا عادی ہو چکا ہوں، مجھے نہیں معلوم کونسی پارٹی ان الزامات کے پیچھے ہے، اس سے پہلے جج ارشد ملک کا معاملہ اٹھایا گیا جو کہ اللہ کو پیارے ہو گئے۔