
رانی پور: طاقت اور پیسہ کا اثر ظاہر ہوا جب فاطمہ فرڑو کے قتل کے معاملے میں مقتولہ کی ماں شبنم نے ملزمان سے صلح کر لی۔ وکیل قربان ملانو نے عدالت میں مدعی کی جانب سے تصفیے کا تحریری بیان پیش کیا۔
ایڈووکیٹ قربان ملانو کے مطابق، شبنم فرڑو نے کیس ختم کرنے کی استدعا کی ہے اور وہ عدالت میں ملزمان سے صلح ہونے کا بیان دے چکی ہے۔ انہوں نے عدالت سے ملزمان کو ضمانت دینے کی استدعا بھی کی ہے۔ فورتھ ایڈیشنل سیشن جج نے سماعت سترہ فروری تک ملتوی کر دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ صلح نامہ رقم اور دباؤ کے باعث ہوئی ہے۔ سماعت کے بعد بچی کی والدہ میڈیا سے بچتے بچاتے عدالت سے روانہ ہوئیں، جبکہ ملزمان کے وکیل نے حلف نامہ جمع کرانے کی تصدیق کی۔
معاملے کے چار ملزمان، پیر اسد شاہ، حنا شاہ، فیاض شاہ اور امتیاز جیل میں ہیں۔ ذرائع کے مطابق، پیسہ لین دین کی اطلاعات پہلے سے آ رہی تھیں اور بااثر افراد کی مداخلت کے باعث مدعی نے پہلے بھی صلح کا بیان جمع کرایا تھا۔ بچی کے والدین نے کئی بار دباؤ ڈالے جانے کا انکشاف کیا تھا۔
واقعے کا پس منظر: 16 اگست 2023 کو خیرپور میں واقعہ پیش آیا جہاں بااثر پیر کی حویلی میں کمسن ملازمہ فاطمہ فرڑو پراسرار طور پر جاں بحق ہو گئی۔ اسے بغیر پوسٹ مارٹم کے دفن کر دیا گیا تھا، اور پولیس نے بغیر میڈیکل اور پوسٹ مارٹم کے کیس داخل دفتر کیا تھا۔
ابتدائی طور پر، بچی کے والدین نے بیان دیا تھا کہ ان کی بیٹی مرشد کے گھر میں کام کرتی تھی اور غربت کی وجہ سے وہ خود اپنی بچی کو وہاں چھوڑ کر آئے تھے، اور وہ بیماری کی وجہ سے فوت ہوئی ہے۔
پیر کے گھر میں بچی کی لاش کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس کے بعد یہ واقعہ میڈیا کے سامنے آیا۔ بچی کی والدہ شبانہ نے ابتدائی طور پر مقدمہ درج کرانے سے انکار کیا تھا۔
بعد ازاں، پوسٹ مارٹم رپورٹ نے ظاہر کیا کہ فاطمہ کی موت طبعی نہیں بلکہ اس پر تشدد کیا گیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق، اس کے جسم پر نیل کے نشانات، خون بہنا، سوجن اور زخموں کے آثار تھے جو موت سے پہلے کے تھے۔
انتظامیہ حرکت میں آئی اور ملزمان کی گرفتاریاں شروع ہوئیں۔ متوفی بچی کے والدین کے بیانات کی روشنی میں مقدمہ درج کیا گیا۔ مرکزی ملزم اسد شاہ کو پولیس کے حوالے کیا گیا، اور ڈسپینسر امتیاز میراسی کو بھی گرفتار کیا گیا۔
حویلی میں کام کرنے والی ایک اور سابقہ ملازمہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں لڑکی نے الزام عائد کیا کہ اگر وہ حویلی سے نہ بھاگتی تو مار دی جاتی۔
- Featured Thumbs
- https://i.imghippo.com/files/aPy9525Mo.jpg