روانڈا کے وزیر خارجہ 4 روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے

Go-DsjnXEAAEdHl

اسلام آباد: جمہوریہ روانڈا کے وزیر خارجہ اولیورجین پیٹرک ندوہنگرے اپنے پہلے سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر دفتر خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل برائے افریقی امور حسنین یوسف اور پاکستان میں روانڈا کے ہائی کمشنر نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔

https://twitter.com/x/status/1913824234985447427
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ اولیورجین پیٹرک ندوہنگرے اپنے 4 روزہ قیام کے دوران وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیئرمین سینیٹ اور وفاقی وزرا سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے، تجارت، سرمایہ کاری اور سفارتی تعاون کو وسعت دینے سے متعلق امور زیر غور آئیں گے۔

روانڈا کے وزیر خارجہ اپنے دورے کے دوران اسلام آباد میں روانڈا کے ہائی کمیشن کا باضابطہ افتتاح بھی کریں گے، جو دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات میں اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔

اس کے علاوہ وزیر خارجہ پاکستانی کاروباری برادری سے بھی ملاقات کریں گے تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ کیگالی اور اسلام آباد میں متعلقہ سفارتی مشنز کے قیام کے بعد کسی روانڈین وزیر خارجہ کا پہلا دورہ ہے، جس سے پاکستان اور روانڈا کے درمیان دوستانہ تعلقات مزید مستحکم ہونے اور نئے شعبوں میں تعاون کے دروازے کھلنے کی توقع ہے۔
 

Back
Top