
نیشنل ایکشن پلان کے تحت سکیورٹی فورسز نے مجموعی طور پر 22714 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن : صحافیوں کو بریفنگ
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق گزشتہ روز صوبائی دارالحکومت پشاور کے علاقے حسن خیل میں جامِ شہادت نوش کرنے والے سپاہیوں محمد ادریس اور بادام گل شہید کی نمازِ جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کر دی گئی جس میں کورکمانڈر پشاور اور سول وعسکری حکام بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ شہیدوں کی نماز جنازہ کے بعد ان کے جسدِ خاکی ان کے آبائی علاقوں کی طرف روانہ کر دیئے گئے جہاں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِخاک کیا جائیگا۔
دوسری طرف پشاور میں ملٹری عہدیداران کی طرف سے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ رواں برس ملک بھر میں سکیورٹی فورسز پر حملوں کے 1063 واقعات رونما ہوئے جن میں افواج پاکستان کے 111 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا اور 163 دہشت گردوں کو مختلف کارروائیوں کے دوران ہلاک کیا گیا۔
بریفنگ میں صحافیوں کو آگاہ کیا گیا ہے کہ رواں برس 2024ء میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت سکیورٹی فورسز نے مجموعی طور پر 22714 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیےجن میں متعدد دہشت گردوں کو ہلاک اور گرفتار کیا گیا۔ پاک فوج نیشنل ایکشن پلان میں اپنے حصے کی ذمہ داریوں کو بھرپور طریقے سے نبھا رہی ہے۔
صحافیوں کو آگاہ کیا گیا کہ ملک بھر میں 32 ہزار مدارس ہیں جن میں صرف 16 ہزار طلباء رجسٹرڈ ہیں، ملک میں آپریشن کے بعد گرفتار کیے گئے 217 دہشت گردوں کو عدالتوں سے سزائیں ہوئیں۔ دہشت گردی صوبہ خیبرپختونخوا میں زیادہ ہے مگر عدالتوں سے صرف 14 شدت پسندوں کو سزائیں دی گئیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اربوں روپے مالیت کا پیٹرول روزانہ کی بنیاد پر ایران سے پاکستان میں سمگل ہو رہا ہے، پاک فوج سرحد پر ہونے والی سمگلنگ کی روک تھام سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گی۔ عہدیداران کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے خلاف سمگلرز، بھتہ خور اور ٹیکس چوری کرنے والوں کی طرف سے منظم پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/asim-munir-pak-amry.jpg