
لاہور پولیس نے سوشل میڈیا پر جعلی ویڈیوز اپ لوڈ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت 23 مقدمات درج کرلیے ہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق، لاہور پولیس نے ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت 23 مقدمات درج کرلیے ہیں۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا کا کہنا ہے کہ قومی اداروں کے خلاف قابل اعتراض اور نازیبا مواد کی تشہیر میں ملوث افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اداروں کی تضحیک اور تمسخر اڑانے والے عناصر کو قانون کی گرفت میں لے کر سخت سزا دلائی جائے گی، کیونکہ ان کا مقصد معاشرے میں انتشار پھیلانا اور اداروں کے خلاف منافرت پیدا کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملزمان کو تمام قانونی شواہد کی بنیاد پر مضبوط چالان تیار کر کے کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔