
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ریاست کے مخالف عناصر کے خاتمے تک جنگ جاری رہنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے واضح کیا ہے کہ ریاست کے خلاف مذموم سرگرمیوں، سہولت کاری اور مالی معاونت فراہم کرنے والوں کے خاتمے تک ان کا پیچھا جاری رہے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، آرمی چیف نے حالیہ دورے کے دوران جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں سکیورٹی کی موجودہ صورتحال اور انسداد دہشت گردی کی جاری کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔
اس موقع پر جنرل عاصم منیر نے افسران اور فوجی جوانوں کے ساتھ ملاقات کی اور دہشت گردی کا سامنا کرنے والے جوانوں کی ثابت قدمی کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ "شہدا پاکستان کا فخر ہیں اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔" آرمی چیف نے یقین دلایا کہ پاک فوج قوم کی حمایت اور قانونی اداروں کے ساتھ مل کر ملک میں امن و استحکام کی بحالی کو یقینی بنائے گی۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج دہشت گردی اور انتہا پسندی کی تمام شکلوں کے خلاف سخت اقدام اٹھاتی رہے گی۔ آرمی چیف نے کہا کہ "مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوان قوم کے حقیقی ہیرو ہیں، اور ان کی بہادری پورے ملک میں مثبت اثر ڈالتی ہے۔"
جنرل عاصم منیر نے خاص طور پر فتنہ الخوارج کے تعاقب کیلئے پاک فوج کی مستقل کوششوں کا ذکر کیا اور کہا کہ "ہم ریاست کے خلاف مذموم سرگرمیوں کے خاتمے تک اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔"
- Featured Thumbs
- https://i.ibb.co/PDM5PrW/COAS1.jpg