
سینئر قانون دان اعتزاز احسن نےکہا ہے کہ اس وقت پنجاب میں انتخابی مہم چل رہی ہے اس دوران کسی بھی سیاسی جماعت کو جلسہ کرنے کیلئے 15 روز قبل نوٹس دینا ضروری نہیں ہوتا۔
تفصیلات کے مطابق اعتزاز احسن نے جی این این کے پروگرام خبر ہے میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پنجاب میں الیکشن کا ماحول بن رہا ہے، ہر سیاسی جماعت نے ایک دن میں 4سے 5 جلسے کرنے ہیں، مثال کے طور پر جب بلاول پنجاب کے دورے پر آئیں گے تو ہم ایک دن میں ان کے کم از کم چار پانچ جلسے توضرور کروائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسی طرح جب مریم انتخابی مہم شروع کریں گی تو ان کیلئے بھی ان کی پارٹی ایک دن میں 4،5 جلسے منعقد کرے گی، یہ تو بے تکی بات ہے کہ پی ٹی آئی سے پوچھا جائے کہ انہوں نے جلسہ کیوں کرنا ہے، یا 15 دن پہلے نوٹس دے کر جلسہ کیا جائے، الیکشن مہم کے دوران تو روز جلسے ہوں گے، عدالت ایسی کسی بھی حکومتی فیصلے کو منسوخ کردے گی۔
زمان پارک پر آنسو گیس کی شیلنگ کےحوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ عمران خان کے گھر پر تو شیلنگ ہوئی ہے انہوں نے تو ساتھ میں ہمارے گھروں پر بھی آنسو گیس کے شیل فائر کیے ہیں، گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے ہیں، جب کسی جگہ پر آنسو گیس فائر کی جاتی ہے تو وہ 15سے 20 گھروں میں پھیلتی ہے اور یہ جو آنسو گیس استعمال کررہے ہیں وہ بہت ہی ظالم قسم کی ہے جس سے اردگرد رہنے والے بھی متاثر ہوئے ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/aotz%2Caajsa.jpg