
پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کو مکمل معلومات نہیں ہیں، سائفر کو سنبھالنا وزیراعظم کی نہیں پرنسپل و ملٹری سیکرٹری کی ذمہ داری ہوتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی، اس موقع پر نومنتخب چیئرمین بیرسٹر گوہر، سیکرٹری جنرل عمر ایوب و دیگر نے گفتگو کی۔
نومنتخب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان کے خلاف تمام کیسز جعلی ہیں۔ اس طرح تو نواز شریف و زرداری کے خلاف بھی گاڑی لینے کے معاملے پر احتساب ہونا چاہئے، ہمارے گھروں پر پولیس گردی ہوئی، کارکنان کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور جیلوں میں رکھا گیا صرف اس لیے کہ ہم عمران خان کا ساتھ چھوڑدیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری ٹیلی ویژن پر ہمیں ٹائم نہیں دیا جارہا بلکہ بلیک آؤٹ کیا جارہا ہے، ہمارا مدعا یہ ہے کہ ہماری بات لوگوں تک پہنچائی جائے، چیخ و پکار ایوان کا حصہ ہے جب ہم رکن اسمبلی کی حیثیت سے تقریر کرتے ہیں تو اسے بھی نشر کیا جانا چاہئے۔
اس موقع پر پی ٹی آئی کے نومنتخب سیکرٹری جنرل عمر ایوب نے کہا کہ میں نے تحریک استحقاق جمع کروائی ہے کہ بطور وزیراعظم کے امیدوار میری تقریر پی ٹی وی پر نشر نہیں کی گئی، پی ٹی وی شہباز شریف کی جیب سے نہیں بلکہ عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے چلتا ہے، جب شہباز شریف کی تقریر نشر کی جاسکتی ہے تو اپوزیشن رہنماؤں کی کیوں نہیں؟
انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو کے پاس سائفر کے حوالے سے مکمل معلومات نہیں ہیں، انہوں نے غیر پارلیمانی الفاظ کا استعمال کیا، جب 2022 میں تحریک عدم اعتماد پیش ہوئی تو پتا چلا کہ سائفر کا ڈاکومینٹ موجود نہیں ہے، یہ ملٹری و پرنسپل سیکرٹری کی ذمہ داری ہوتی ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/3bialalvsvspptlsjkjs.png