
سابق وفاقی وزیر اور سینیٹر فیصل واوڈا نے بڑا انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل (ر) فیض حمید کو سزائے موت یا عمر قید ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ملک سے باہر جا رہے ہیں اور وہاں سے اچھی خبریں لے کر آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلوں کا ریورس ہونا بحیثیت قوم شرمندگی کا باعث ہے، جبکہ علی امین گنڈا پور وزیراعلیٰ بنیں گے نہ بیرسٹر گوہر چیئرمین پی ٹی آئی رہیں گے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام "روبرو" میں میزبان شوکت پراچہ سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ جنرل (ر) فیض حمید کوئی وعدہ معاف گواہ نہیں بن رہے اور ان کے خلاف کورٹ مارشل اور سزا کا عمل نہیں رکے گا۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف نے احتساب کا عمل شروع کیا ہے اور یہ کسی بھی صورت نہیں رکے گا۔
فیصل واوڈا نے انکشاف کیا کہ انہوں نے 1010 گاڑیوں کی خریداری روک دی ہے اور چیئرمین ایف بی آر نے اس معاملے پر ان سے بات کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کے کچھ افسران انہیں دھمکیاں دے رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان پر ایف آئی اے میں پیش ہونے کا دباؤ ہے لیکن وہ کسی کے دباؤ میں نہیں آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ان کے ساتھ کچھ ہوا تو وہ ایسا ردعمل دیں گے کہ "ان کی سات نسلیں یاد رکھیں گی۔"
فیصل واوڈا نے کہا کہ علی امین گنڈا پور وزیراعلیٰ نہیں بنیں گے اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت انہیں بچانے کی کوشش کرے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی والے خود جنید اکبر کو ناکام کریں گے کیونکہ سب کمپرومائزڈ ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے خود تسلیم کر لیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں کرپشن ہو رہی ہے۔ جنید اکبر کچھ کرنا چاہیں گے، لیکن گنڈا پور ان کو روک دیں گے، ان کے پاس تمام وسائل ہیں، جبکہ جنید اکبر کو مجبور کر کے اپنا عہدہ چھوڑنے پر آمادہ کیا جائے گا۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ حکومت اور پی ٹی آئی کا اصل ہدف عمران خان کو جیل میں رکھنا ہے۔ بیرسٹر گوہر شریف آدمی ہیں، مگر وہ بھی زیادہ عرصہ چیئرمین پی ٹی آئی نہیں رہیں گے کیونکہ "مافیا ان کو کھا جائے گا۔"
انہوں نے کہا پنجاب حکومت کو پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت دے دینی چاہیے، مینار پاکستان کا گراؤنڈ ان کا باپ بھی نہیں بھرسکتا ، مینار پاکستان کا گراؤنڈ صرف عمران خان ہی بھر سکتے ہیں۔ ان کا دعویٰ تھا کہ پی ٹی آئی کا آئندہ احتجاج ترکیہ کے صدر کے دورے اور چیمپئن شپ کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے تاکہ عالمی توجہ حاصل کی جا سکے، اور اس عمل سے پاکستان کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ یہ سب ایک ٹوپی ڈرامہ ہے، نہ کوئی احتجاج ہو رہا ہے اور نہ ہی دھرنا۔ انہوں نے علی امین گنڈا پور پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ "ہری پور کا راستہ کھلا رکھیں، وہ وہیں سے بھاگتے ہیں۔"
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان ایک زیرک سیاستدان ہیں، وہ صرف اپنے مفادات کے لیے احتجاج کر سکتے ہیں، لیکن پی ٹی آئی کا ساتھ نہیں دیں گے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ "یہ لوگ گرینڈ الائنس کس کے ساتھ بنائیں گے؟"