
ملک بھر میں اشیائے خورونوش کی قلت پیدا ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے جس کی وجہ حکومت کی جانب سے ملک بھر میں راستے موٹرویز بند کرنا ہے۔
آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں افراتفری کا سیاسی حل نکالا جائے، اس وقت ملک بھر میں افراتفری کا عالم ہے جس کی وجہ سے عوام پریشان ہیں۔
اجمل بلوچ کا کہنا تھا کہ راستوں کی بندش سے صنعتیں بند ہیں، کاروباری پہیہ رک چکا ہے جس سے تاجر برادری بھی پریشان ہے، اس افراتفری کی وجہ سے ملک بھر میں اشیائے خورونوش کی قلت پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں سامان کی ترسیل والے کنٹینرز سڑکوں پر پڑے ہیں کئی میڈیکل اسٹورز پر ادویات پہنچنا ناممکن ہوچکا ہے۔
دوسری جانب لاہور میں پیاز، ٹماٹر اور آلو کی سپلائی متاثر ہونے سے قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ آلو سرکاری نرخ نامے کے ریٹ سے دگنی قیمت پر فروخت ہورہی ہے،
اس وقت بازار میں آلو کی قیمت 200 روپے فی کلو، پیاز 200 روپے فی کلو، ٹماٹر 300 روپے سے زائد پر فروخت ہورہا ہے جبکہ مختلف سبزیاں 100 روپے سے زائد قیمت پر فروخت ہورہی ہیں۔
اسی طرح دالوں، گوشت اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں بھی اضافے کا خدشہ سامنے آرہا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/aagau11g2.jpg