
ملک بھر میں تاوان کے لیے شہریوں کو اغوا کرنے کی وارداتوں میں اضافہ ہونے کے ساتھ ساتھ اب اغوا برائے تاوان کے لیے نت نئے ہتھکنڈے اختیار کیے جانے لگے ہیں اور ایسی ہی ایک واردات میں سرکاری گاڑی استعمال ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے ڈیفنس سے ایک تاجر کو اغوا کرنے کے لیے سرکاری گاڑی استعمال کیے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ تاجر کو اغوا کرنے کے بعد ملزمان نے رہائی کے بدلے 20 ہزار ڈالر تاوان کی مد میں وصول کر لیا۔
ذرائع کے مطابق لاہور کے علاقے ڈیفنس سے شیخ خالد نامی تاجر کو 23 ستمبر 2024ء سرکاری گاڑی میں اغوا کیا گیا تھا اور 20 ہزار ڈالرز تاوان وصول کرنے کے بعد اسے رہا کر دیا۔ ڈیفنس بی تھانے میں واقعے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، ایف آئی آر کے متن کے مطابق تاجر کو تاوان کے لیے اغوا کرنے کی واردات کے لیے سرکاری گاڑی استعمال کی گئی۔
ڈیفنس کے علاقے سے تاجر کو لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) کی سرکاری گاڑی میں اغوا کیا گیا تھا، ڈبل کیبن گاڑی میں پسٹل اور کلاشنکوف سے مسلح 5 نامعلوم افراد نے تاجر کو اغوا کیا۔ نامعلوم مسلح ملزمان شیخ خالد کو اغوا کر کے قصور لے گئے اور اہل خانہ سے 20 ہزار ڈالر تاوان کی مد میں وصول کر کے اسے چھوڑ دیا، مقدمہ درج کرنے کے بعد پولیس نے واقعے کے حوالے تفتیش شروع کر دی ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/12lahortajiaiaagahgar.png