سندھ اسمبلی :قائمہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ،ایم کیو ایم کے مطالبات سامنے آگئے

naaah1h111.jpg


ذرائع کے مطابق سندھ اسمبلی میں قائمہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ کے حوالے سے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وفد کی آج پاکستان پیپلزپارٹی کے وفد سے پہلی باضابطہ ملاقات ہو گئی ہے جس میں ایم کیو ایم نے اپنے مطالبات پیپلزپارٹی رہنمائوں کے سامنے رکھے۔ متحدہ قومی موومنٹ کے وفد میں اپوزیشن رہنما علی خورشیدی، اراکین اسمبلی جمال احمد اور افتخار احمد جبکہ پی پی کی طرف سے وزیر داخلہ سندھ ضیاء النجار اور سپیکر سندھ اسمبلی قادر شاہ ملاقات میں شریک تھے۔

ذرائع کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے وفد کی طرف سے ملاقات کے دوران سندھ اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں بارے تفصیلی تبادلہ خیال کرتے ہوئے متعدد تجاویز دی گئیں اور سندھ اسمبلی کی 14 قائمہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ انہیں دینے کا مطالبہ سامنے رکھ دیا ہے۔ ایم کیو ایم کی طرف سے قائمہ کمیٹی برائے داخلہ، صحت، خزانہ، بلدیات، انڈسٹریز اور تعلیم کو ترجیح قرار دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ نے سپیکر سندھ اسمبلی قادر شاہ سے پبلک اکائونٹس کمیٹی (پی اے سی) کی چیئرمین شپ بھی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ نے پی اے سی کی چیئرمین شپ سمیت 14 قائمہ کمیٹیوں کی فہرست پاکستان پیپلزپارٹی کے وفد کے حوالے کر دی ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے وفد نے متحدہ قومی موومنٹ سے قائمہ کمیٹیوں کے حوالے سے تجاویز طلب کی تھیں جس پر یہ تجاویز سامنے آئی ہیں اور پیپلزپارٹی کے وفد نے کہا ہے کہ وہ پارٹی قائدین سے مشاورت کے بعد جواب دیں گے۔ ایم کیو ایم کے مطابق سندھ اسمبلی میں وہ دوسری بڑی سیاسی جماعت ہیں اس لیے 14 قائمہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ پر ان کا حق بنتا ہے۔