
پاکستان کے شہریوں کو بجلی کی لوڈشیڈنگ اور بھاری بلوں نے پریشان کر رکھا ہےجس کا حل حکومت تو اب تک نہیں نکال سکی مگر خوشخبری یہ ہے کہ ملک میں 700 واٹ سے زیادہ بجلی پیدا کرنے والی سولر پلیٹ متعارف کروا دی گئی ہے۔
مہنگی سولر پلیٹیں خریدنے سے پریشان پاکستانی شہری اب صرف ای پلیٹ سے بھی بجلی پیدا کر سکتے ہیں جس میں وائرنگ، ریکنگ اور مزدوری کا خرچہ انتہائی کم ہو جاتا ہے اور کم سے کم پینلز سے کام چلا سکیں گے۔
نجی ویب سائٹ "پرو پاکستانی" کی رپورٹ کے مطابق ٹرائنا سولر نامی فوٹووولٹک کمپنی کی طرف سے "ورٹیکس این 720 واٹ (Vertex N 720W)" نامی جدید ترین سولر پلیٹس کی سیریز پاکستان میں متعارف کروا دی ہے۔ ٹرائناسولر کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ سولر پینلز جدید ترین آئی ٹاپ اور این ٹاپ کون سیلز ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے زیادہ سے زیادہ 720 واٹ تک بجلی پیدا کر سکتے ہیں۔
ٹرائنا سولر کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ جدید ترین پینلز انتہائی کم روشنی والے حالات میں بھی زیادہ سے زیادہ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت کے حامل ہیں، ان سولر پینلز کی الٹراوائلٹ انحطاط اور انتہائی درجہ حرارت کو برداشت کرنے کیلئے ہر طرح سے ٹیسٹنگ کی گئی ہے جس کے بعد اسے مارکیٹ میں متعارف کروایا گیا ہے۔
ٹرائناسولر کمپنی کا کہنا ہے کہ آپ زیادہ سے زیادہ پینلز خریدنے کے بجائے انتہائی کم پینلز سے بجلی پیدا کرنے کی سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔ ایک ماڈیول سے زیادہ بجلی پیدا حاصل ہونے کی وجہ سے کم پینلز درکار ہوتے ہیں جس سے وائرنگ، ریکنگ اور مزدوری کے اخراجات بہت کم ہو جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ پچھلے کچھ عرصے کے دوران سولر پینلز کی قیمتوں میں کمی ہونے اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے سولر سسٹمز کی طلب میں غیرمعمولی رحجان دیکھنے میں آرہا ہے لیکن بجلی کا بل صفر کرنے کیلئے ایک خاص حد سے زیادہ بڑا سولر سسٹم درکار ہوتا ہے۔ چھوٹے سسٹم بجلی بل میں کمی کی وجہ بن سکتے ہیں لیکن اسے صفر نہیں کر سکتے تاہم ان جدید ترین سولر پلیٹس سے شہریوں کو کافی سہولت میسر آئے گی۔