سونو نگم نے پاکستانی گلوکار کا گانا سن زرا چوری کرنے پر معافی مانگ لی

sonu1h1h1.jpg


پاکستانی گلوکار عمر ندیم کا گانا کاپی کر کے ریکارڈ کروانے پر معروف بھارتی گلوکار سونو نگم نے معافی مانگ لی۔ سونو نگم نے سوشل میڈیا ویب سائٹ انسٹاگرام کے ذریعے عمر ندیم کا گانا چوری کرنے پر ان سے معافی مانگتے ہوئے لکھا کہ: یہ گانا میں نے کمال راشد خان (کے آر کے) کے کہنے پر گایا جو دبئی میں میرے پڑوسی ہیں۔ میں ہر کسی کے لیے نہیں گاتا لیکن انہیں منع نہیں کر پایا ، اگر میں نے عمر ندیم کا گانا پہلے سنا ہوتا تو یہ گانا کبھی نہ گاتا۔

پاکستانی گلوکار عمر ندیم نے سونو نگم کی معافی کو قبول کرتے ہوئے لکھا: میں آپ سے متفق ہوں، میں نے اپنے بیان میں کبھی نہیں کہا کہ یہ آپ نے کیا ہے! گانا کاپی کرنے کی خبر نے غلط رخ اختیار کر لیا، جو ہمیشہ سے ہوتا ہے، میں آپ کے گانے سنتے ہوئے بڑا ہوا ہوں اور آپ سے بہت کچھ سیکھا، میں آپ کا بہت بڑا فین ہوں۔

سونو نگم نے عمر ندیم کو جواب میں لکھاآپ نے اس گانے کو مجھ سے زیادہ اچھا گایا تھا، معذرت کہ میں نے آپ کا گانا پہلے نہیں سنا تھا، اب سنا ہے۔ کیا بہترین گانا ہے اور آپ نے یقیناً مجھ سے اچھا گایا ہے، آپ کے لیے مزید دعائیں۔ انشاء اللہ آپ کو اس سے اور زیادہ عزت ملے گی، آپ کے لیے بہت سی دعائیں اور پیار!

عمر ندیم نے سونو نگم کو لکھا کہ: آپ کا میرے لیے یہ سب کہنا میرے لیے اعزاز ہے، دنیا بھر میں آپ سے زیادہ سریلا اور ورسٹائل سنگر شاید ہی اس وقت کوئی ہے۔عمر ندیم نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں سونونگم کی طرف سے کیے گئے کمنٹس کے سکرین شاٹس بھی شیئر کیے۔


واضح رہے کہ عمر ندیم نے ’’ـسن زرا اے خدا ‘‘ گانا 14 برس قبل ریلیز کیا تھا، وہ اس سے پہلے بہت سے گانے ترتیب دے چکے ہیں جن میں چلتے رہے (رسمی طور پر سیفار دی بینڈ کی ملکیت ہے)، جاگ چور دیا، آج، تو پھر آؤ، اور سپنے جیسے چند نام شامل ہیں۔ سونو نگم کے گائے ہوئے گانے کو ٹی سیریز کے یوٹیوب چینل پر 2 ملین سے زیادہ مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔