
حکمران اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے باہر دھرنے کے بعد عدلیہ کی کارکردگی میں مثبت تبدیلی آئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف کی رہائش گاہ کا دورہ کیا اور وزیراعظم سے ملاقات کی، ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے سپریم کورٹ کے باہر عدالت کی جانبداری پر سوالات اٹھنے کے بعد احتجاج کیا، ہم عدلیہ کے خیرخواہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے احتجاج کےدوران گھاس تک کو نقصان نہیں پہنچا، ہم نے پودوں کی بھی خود حفاظت کی، ہمارے احتجاج کے بعد عدالت کی کارکردگی بہتر ہوئی ہے،سیاسی و مذہبی جماعتیں ماضی میں بھی احتجاج کرچکی ہیں مگر کسی بھی احتجاجی مظاہرے کے دوران ریاستی املاک کو نقصان نہیں پہنچایا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف سے کسی بھی قسم کی بات چیت کی مخالفت کرتے ہوئے سربراہ پی ڈی ایم نے حکومت کے 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی حمایت کی اور کہا کہ ملزمان کو اعلی عدالتوں میں اپیل کا حق ضرور دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں نے سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دینے اور عمران خان کی رہائی کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا تھا، اس مظاہرے میں عمران خان کو مبینہ طور پر خصوصی رعایت دینے پر پی ڈی ایم کی جانب سے چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کے استعفیٰ کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا۔