
ملک بھر میں کل عید الاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جائے گی، عوام کے علاوہ سیاستدان اور دیگر اہم شخصیات بھی یہ دن اپنے اپنے طریقے سے منائیں گے، کون سا سیاست دان اور اہم شخصیت کہاں عید منائیں گے یہ تفصیلات بھی سامنے آگئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے صدر آصف علی زرداری عید کی نماز آبائی علاقے نوابشاہ میں ادا کریں گے جبکہ وزیراعظم شہبازشریف لاہور میں عید گزاریں گے۔
مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بھی عید کا دن لاہور میں گزاریں گے جبکہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سیہون، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور ڈیرہ اسماعیل خان ، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی ڈیرہ بگٹی میں عید کی نماز ادا کریں گے۔
چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ اسلام آباد میں عید کی نماز ادا کریں گے، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی ملتان، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق لاہور ، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب ہری پور، سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز اسلام آباد جبکہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری کراچی میں عید منائیں گے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری لاڑکانہ میں عید کی نماز پڑھیں گے جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی گوہر خان بونیر، جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ڈیرہ اسماعیل خان، صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان میر پور جبکہ وزیراعظم آزاد کشمیر ضلع بھمبر میں عید کی نماز ادا کریں گے۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اڈیالہ جیل میں عید منائیں گے، جبکہ ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمودالرشید، اعجاز چوہدری، عمر سرفراز چیمہ، عالیہ حمزہ اور صنم جاوید سمیت دیگر گرفتار پی ٹی آئی رہنما لاہور کی جیلوں میں عید گزاریں گے اور عمران خان کےبھانجے فوج کی تحویل میں عید کا دن گزاریں گے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/5siasisiiaeeidjjd.png