سینئرکلرک کی پولیومہم میں ڈیوٹی تبدیل نہ کرنے پر ڈی ای او مانسہرہ کا تبادلہ

deo-mansehra1h1h113.jpg


ایک طرف سے خیبرپختونخوا حکومت قانون کی بالادستی اور آزادی کی جنگ کے نعرے لگا رہی ہے تو دوسری طرف خود ہی قانون کی پاسداری پر عملدرآمد نہیں کر رہی۔ ضلع مانسہرہ کی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کا پولیو مہم کے دوران ایک کلرک کی ڈیوٹی کا مقام تبدیل نہ کرنے کی پاداش میں تبادلہ کر دیا گیا ہے۔


سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کے بھتیجے کی چند دن پہلے اس حوالے سے ایک آڈیو بھی لیک ہوئی تھی جو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر وائرل ہو گئی تھی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی آڈیو لیک میں سپیکر خیبرپختونخوا بابر سلیم سواتی کے بھتیجے و صوبائی نائب صدر پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کمال سلیم سواتی کی طرف سے بابر نامی سینئر کلرک کی ڈیوٹی تبدیل نہ کرنے کی صورت میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ریحانہ یاسمین کو ضلع بدر کرنے کی دھمکی لگائی تھی!

خیبرپختونخوا کے ایلیمنٹری وسیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے باضابطہ طور پر نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق 19 ویں گریڈ کی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مانسہرہ ریحانہ یاسمین کا تبادلہ کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفیکیشن میں ریحانہ یاسمین کو ایلیمنٹری وسیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
https://twitter.com/x/status/1791426088171946280
یاد رہے کہ کمال سلیم سواتی کی ریحانہ یاسمین کے ساتھ وائرل ہونے والی مبینہ آڈیو لیک میں انہیں خاتون سے کہتے سنا جا سکتا ہے کہ بابر خان سینئر کلرک کی ڈیوٹی پولیو مہم میں لگائی گئی ہے ان کی جگہ پر کسی اور کو لگایا جائے۔ ریحانہ یاسمین کے انکار پر کمال سلیم سواتی نے کہا کہ ٹھیک ہے میڈم یہ اگر پولیو مہم کی ڈیوٹی کرے گا تو آپ بھی اپنے لیے کوئی دوسرا سٹیشن پسند کر لیں!