
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے وزارت داخلہ کا قلمدان چھوڑنے سے متعلق ایک سینئر صحافی کی جانب سے بڑا دعویٰ سامنے آگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی و تجزیہ کار آصف بشیر چوہدری نے ایک یوٹیوب پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بہت جلد یہ قلمدان چھوڑ رہے ہیں، میں یہ دعویٰ اپنے ذرائع سے ملنے والی معلومات کی بنیاد پر کررہا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس حوالے سے دیگر ذرائع نے بھی تصدیق کی ہے اور ان کی جگہ وزارت داخلہ کا قلمدان ایک بار پھر ن لیگ کےسینئر رہنما رانا ثناء اللہ کے پاس جانے کا امکان ہے، ن لیگ کی جانب سے وزیر داخلہ کیلئے رانا ثناء اللہ کے نام پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے۔
آصف بشیر چوہدری نے محسن نقوی کی تبدیلی کے پیچھے کے عوامل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ اور اتحادی جماعتوں کو اعتراض ہے کہ محسن نقوی وفاقی کابینہ کے رکن ہونے کے باوجود حکومتی پالیسیوں کا دفاع نہیں کرتے، وزیر داخلہ کا کام حکومتی پالیسیوں کا دفاع، ان پر بحث کرنا اور وضاحت دینا ہے جو محسن نقوی نہیں کررہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ محسن نقوی کے برتاؤ کے حوالے سے کچھ دوست ممالک نے بھی اعتراض اٹھایا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/mohain111h1.jpg