سیٹ چھوڑنے کے اعلان کے باوجود حافظ نعیم کی رکنیت کا نوٹیفکیشن جاری

5hafiznaeemkjksjdkhd.png

حافظ نعیم الرحمن کے انتخابی گوشوارے جمع نہ کروانے کی صورت میں وہ نااہل ہو جاتے : ذرائع

جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان کے رکن سندھ اسمبلی منتخب ہونے کے بعد سندھ اسمبلی میں جماعت اسلامی کے اراکین کی تعداد 2 ہو گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن کو صوبائی اسمبلی کے حلقے PS-129 سے کامیاب قرار دے دیا گیا ہے جس کے بعد سندھ اسمبلی میں جماعت اسلامی کے اراکین اسمبلی کی تعداد 2 ہو گئی ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صوبائی اسمبلی کے حلقہ PS-129 سے حافظ نعیم الرحمان کی کامیابی کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے جو کسی بھی امیدوار کے انتخابی اخراجات کے گوشوارے جمع کروانے کے بعد جاری کیا جاتا ہے۔ حافظ نعیم الرحمان کی طرف سے صوبائی اسمبلی کی نشست چھوڑنے کا اعلان کیا گیا ہے، وہ کراچی کے صوبائی حلقے PS-129 سے ممبر سندھ اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔


الیکشن کمیشن نے حافظ نعیم الرحمان کا نوٹیفکیشن گوشوارے جمع نہ کروانے کی وجہ سے روکا ہوا تھا تاہم ان کے انتخابی اخراجات کے گوشواے جمع کروانے کے بعد اب نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ قانون کے مطابق حافظ نعیم الرحمن کے انتخابی گوشوارے جمع نہ کروانے کی صورت میں وہ نااہل ہو جاتے تاہم اب ان کی مرضی ہے کہ وہ حلف اٹھاتے ہیں یا نہیں۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے سندھ اسمبلی کی مکمل 168 نشستوں کے اراکین کی کامیابی کے نوٹیفکیشن جاری کر دیئے ہیں جس میں پاکستان پیپلزپارٹی کے اراکین کی تعداد 117، متحدہ قومی موومنٹ کے اراکین کی تعداد 37، پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ اراکین کی تعداد 9 اور گریڈ ڈیموکریٹک الائنٹس کے 3 اراکین شامل ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن بلدیہ عظمیٰ کراچی سٹی کونسل کے رکن بھی ہیں، الیکشن کمیشن کے نوٹیفیکیشن کے بعد وہ سندھ اسمبلی یا سٹی کونسل میں سے کسی ایک نشست کو اپنے پاس رکھ سکیں گے۔ یاد رہے کہ حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا تھا کہ وہ سندھ اسمبلی کی نشست نہیں لیں گے کیونکہ میرے مقابلے میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار نے زیادہ ووٹ لیے تھے اس لیے اس نشست پر مخالف امیدوار کا حق ہے، مجھے خیرات نہیں چاہیے۔
 

Back
Top