
فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی کو قومی کرکٹ ٹیم کی کپتان سے ہٹائے جانے کے حوالے سے پی سی بی کا بیان سامنے آگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاہین آفریدی کو کپتان سے ہٹا کر ایک بار پھر بابراعظم کو وائٹ بال ٹیم کا کپتان مقرر کردیا ہے، شاہین آفریدی سے یہ ذمہ داری واپس لینے کی وجوہات کے حوالے سے پی سی بی کا ایک بیان سامنےآگیا ہے۔
پی سی بی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بورڈ نے ایک اسٹریٹجک اقدام کے تحت وائٹ بال کی قیادت کو تبدیل کیا، اس اقدام کا مقصد کھلاڑیوں کی اعلیٰ کارکردگی کو یقینی بنانا ہے، بین الاقوامی کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بابراعظم وائٹ بال ٹیم کی کپتان سنبھالیں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ شاہین آفریدی نے خود کو اسٹار فاسٹ باؤلر کے طور پر ثابت کیا ہے، بورڈ ان کی کارکردگی کو برقرار رکھنے کیلئے آرام اور روٹیشن کی اہمیت کو سمجھتا ہے، ان سے ذمہ داری واپس لینے کا فیصلہ کھلاڑیوں کے لمبے کیریئر خصوصا فاسٹ باؤلر کو انجریز سے بچانے کے بورڈ کے عزم کو تقویت دیتا ہے، یہ فیصلہ ورک لوڈ مینجمنٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا تاکہ اہم باؤلر اپنے کھیل میں نمایاں رہ سکیں۔
پی سی بی کا مزید کہنا تھا کہ بورڈ یہ کبھی نہیں چاہے گا کہ ٹیم بولنگ کے وسائل کے حوالے سے کسی بھی بحران سے ودچار ہو جیسا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 سے قبل ہوا تھا جب شاہین کی دیکھ بھال کرنی پڑی تھی اور آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 میں ٹیم کو نسیم شاہ سے محروم ہونا پڑا تھا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/19shahhennnababbar.png