
وزیر خارجہ شاہ محمود نے مقبوضہ کشمیر میں کیمیکل ہتھیار استعمال کرنے کے ثبوت پیش کر دیئے
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر مشتمل ڈوزیئر میڈیا کے سامنے پیش کر دیا۔ اس ڈوزیئر میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں پیلٹ گنز کا استعمال، متاثرہ بچوں کی ویڈیوز اور کیمیکل ہتھیاروں کو استعمال کرنے کے ثبوت بھی شامل ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزی ہو رہی ہے، بھارت کشمیریوں کی آواز دبا رہا ہے ، جب سے ہندوتوا حکومت بھارت میں آئی ہے ان پامالیوں میں اضافہ ہو گیا ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے محاصرے کو 769 دن ہو چکے ہیں، بھارت کی 9 لاکھ افواج مقبوضہ وادی پرمسلط ہیں۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ آزاد مبصرین کو مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت نہیں، انسانی حقوق کو اس انداز میں پامال کرنا نامناسب ہے۔ سید علی گیلانی کے انتقال پر دنیا نے دیکھا کہ بھارت کی سوچ کیا تھی، ان کی وفات کے بعد اُن کے گھر کے تمام راستے بند کر دیئے گئے، یہ صورت حال دیکھ کر دنیا میں بسنے والے ہر کشمیری کو تکلیف ہوئی۔
ڈوزیئر سے متعلق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ یہ ڈوزیئر 131 صفحات پر مشتمل ہے جس کے 3 حصے ہیں، پہلے حصے میں بھارت کے جنگی جرائم، دوسرے میں فالس فلیگ آپریشن تیسرے اور آخری حصے میں سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بھارت کی مقبوضہ کشمیر کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش کا ذکر ہے۔ ہم نے 113 حوالے دیئے ہیں، 32 تنظیموں کی رپورٹس بھی اس کا حصہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے تفصیلات شامل کی ہیں کہ کس طرح کشمیر میں معصوم لوگوں کو پھنسایا جاتا ہے، ان کے گھروں میں اسلحہ رکھا جاتا ہے، ہم نے 1128 ایسے افراد کی نشاندہی کی ہے جو انسانی حقوق کی پامالیوں میں ملوث ہیں، ان میں بھارتی فوج کے میجر جنرل، بریگیڈیئر اور دیگر سینئر افسران شامل ہیں، یہی نہیں ماورائے عدالت قتل، پیلٹ گنز کا استعمال، خواتین کی بے حرمتی اور جلائی گئی املاک کا بھی ذکر ہے۔
- Featured Thumbs
- https://i.ibb.co/1ZgQx67/2.jpg