
سابق وزیراعظم ونائب صدر مسلم لیگ شہبازشریف اس وقت لندن میں رہائش پذیر ہیں جہاں ان کے کینسر ٹیسٹ کی رپورٹس آگئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم شہبازشریف کو 23 سال پہلے 2000ء میں خطرناک اور نایاب کینسر کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد وہ 2003ء میں کئی مہینوں تک سلوئن کیٹرنگ ہسپتال نیویارک میں زیرعلاج رہے تھے۔ کئی ماہ تک زیرعلاج رہنے اور متعدد سیشنز کے بعد انہیں صحت مند قرار دیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق لندن میں موجود سابق وزیراعظم شہبازشریف کو ہر سال اس خطرناک کینسر کے مرض کے ٹیسٹ کروانے پڑتے ہیں۔ 2 ہفتے پہلے لندن پہنچنے پر شہبازشریف نے اپنے ٹیسٹ کروائے تھے، ان کی رپورٹس آنے کے بعد ویلنگٹن ہسپتال سینٹ جانزووڈ میں معروف کینسر سپیشلسٹ ڈاکٹر مارٹن کیپلن کی طرف سے اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ ان میں دوبارہ کینسر کی علامات نہیں پائی گئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شہبازشریف کا کینسر کے ٹیسٹ کے علاوہ آئندہ ہفتے ریڑھ کی ہڈی کا سکین ہارلے سٹریٹ کے کلینک میں کیا جائے گا جس کے تقریباً 10 دنوں کے بعد وہ اپنے وطن کے لیے روانہ ہوں گے۔ علاوہ ازیں شہبازشریف کی قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نوازشریف سے لندن میں متعدد ملاقاتیں ہوئی ہیں جن میں ملک میں آئندہ عام انتخابات کے علاوہ دیگر امور پر غوروخوض کیا گیا۔
واضح رہے کہ 5 سال قبل شہبازشریف کے خون کی تجزیاتی رپورٹ میں کینسر کی علامات دوبارہ سے ظاہر ہوئی تھیں جس کے بعد ڈاکٹرز کی طرف سے ان کو سی ٹی سکین کروانے کا مشورہ دیا گیا تھا۔ طبی ماہرین کے مطابق کینسر کے مریضوں میں مرض کے دوبارہ ظاہر ہونے کے امکانات موجود رہتے ہیں۔
سابق وزیراعظم شہبازشریف نے میاں محمد نوازشریف سے ایک ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ وہ اکتوبر میں مہینے میں اپنے وطن واپس آ جائیں گے۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے میاں محمد نوازشریف کے ہمراہ اولیول کے امتحان میں 34 اے سٹار لے کر ریکارڈ تاریخی کامیابی حاصل کرنے والی برٹش پاکستانی طالبہ ماہ نور چیمہ سے بھی ملاقات کی اور بطور تحفہ لیپ ٹاپ بھی پیش کیا تھا۔
https://twitter.com/x/status/1698715545917415897
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/5shehbazcanxrr.jpg