
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود حکومت اس فائدے کو عوام تک منتقل کرنے کے بجائے بلوچستان میں موٹر وے معیار کی دو رویہ ہائی وے کی تعمیر پر خرچ کرے گی۔ انہوں نے پیر کے روز وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ قلات، خضدار، کوئٹہ، چمن اور کراچی کو ملانے والی خون آشام سڑک، این-25، کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا تاکہ وہاں کے عوام کو بھی محفوظ اور معیاری سفری سہولیات میسر آ سکیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہوئی ہیں اور آج رات پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بھی کم ہونے جارہی ہیں، لیکن ہم نے سوچ بچار کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ اس بچت کو براہ راست عوام کو منتقل کرنے کے بجائے این-25 پر خرچ کیا جائے گا، جو ایک عرصے سے حادثات کی علامت بنی ہوئی ہے۔ ان کے بقول، اس سڑک نے دو ہزار سے زائد قیمتی جانیں نگل لی ہیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ اسے موت کی شاہراہ سے ترقی کی راہ میں بدلا جائے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا سے سکھر تک جدید موٹرویز بن چکی ہیں، اور سکھر سے کراچی تک بھی موٹر وے بننے جارہی ہے، لیکن بلوچستان مسلسل نظر انداز ہوتا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 2022-23 میں این-25 پر دو طرفہ ہائی وے کی بنیاد رکھی گئی تھی مگر کسی قسم کا عملی کام نہ ہو سکا۔ اب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اسے دو سال میں مکمل کیا جائے گا۔ ابتدائی تخمینہ 250 ارب روپے تھا جو اب بڑھ کر تقریباً 300 ارب ہو چکا ہے۔
شہباز شریف نے واضح کیا کہ یہ سڑک موٹر وے معیار کی ہوگی اور وفاقی حکومت اس کی تعمیر میں مکمل شفافیت سے کام لے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب بلوچستان خوشحال ہوگا تو پاکستان بھی خوشحال ہوگا، اور اب وقت ہے کہ بلوچستان کے عوام کو یہ محسوس ہو کہ ان کے لیے بھی کوئی سوچ رہا ہے۔
وزیراعظم نے یہ بھی بتایا کہ حالیہ دنوں میں بجلی کی قیمتوں میں ساڑھے 7 روپے فی یونٹ کمی کی گئی ہے، جو تمام صارفین کے لیے ہے، خواہ وہ گھریلو ہوں یا کاروباری۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت کی طرف سے عوام کے لیے عید کا تحفہ ہے اور اس سے معیشت پر مثبت اثر پڑے گا۔
ایرانی علاقے میں آٹھ بے گناہ پاکستانیوں کے قتل پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ ایک افسوسناک واقعہ ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر خارجہ نے ایرانی ہم منصب سے رابطہ کیا ہے اور انہیں امید ہے کہ ایران کی حکومت قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے گی۔
https://twitter.com/x/status/1912092714281169046
Last edited by a moderator: