
وفاقی حکومت کی طرف سے رائٹ سائزنگ اقدامات کے تحت محکمہ بہبود آبادی کو بند کرنے کی تجویز کو منظور کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے رائٹ سائزنگ اقدامات کے تحت محکمہ بہبود آبادی کو بند کرنے کی تجویز کو منظور کر لیا ہے اور ادارے کو بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وفاقی حکومت نے ادارے کو ختم کرنے کا فیصلہ حکومتی حجم کم کرنے کے پیش نظر کیا ہے جبکہ وفاقی وزارت صحت کو وفاقی کابینہ کے فیصلے پر عملدرآمد کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔
رائٹ سائزنگ اقدامات کے تحت مختلف اداروں کو بند کرنے اور ان کی نجکاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جبکہ ایسے اداروں اور ڈویژن کو ضم کرنے کے علاوہ دیگر اقدامات بھی اسی منصوبے کا حصہ ہیں۔ پہلے مرحلے میں وفاقی حکومت کی طرف سے 5 وفاقی وزارتوں کے مختلف ادارے بند کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جس کے تحت متعدد ادارے بند کرنے کی پہلے ہی نشاندہی کر دی گئی ہے۔
قبل ازیں وزارت صنعت وپیداوار کے تحت چلنے والے ادارے کراچی ٹولز ڈائز اینڈ مولڈز سینٹر، نیشنل پروڈکٹیویٹی آرگنائزیشن بند کرنے کی تجویز ہے، ایسے ہی پاکستان انڈسٹریل ٹیکنیکل اسسٹنٹس سنٹر و ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن اینڈ سکول ڈویلپمنٹ کمپنی بند کرنے کی تجاویز تیار ہیں جبکہ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کو فروخت کرنے یا بند کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی تھی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی طرف سے وزارت صنعت وپیداوار کو نیشنل فرٹیلائزر مارکیٹنگ لمیٹڈ اور نیشنل فرٹیلائزر کارپوریشن بند کرنے کیلئے ٹاسک دیا جا چکا ہے۔ واضح رہے کہ موجودہ حکومت نے رائٹ سائزنگ کے نام سے منصوبہ تیار کیا تھا جس کے تحت خسارے میں چلنے والے مختلف اداروں کی فروخت اور غیرضروری محکمے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کا مقصد حکومتی خزانے پر بوجھ کم کرنا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/11mehkamambehboodababdi.png