
لاہور کے ایک شہری کو حبس بے جا میں رکھنے اور تشدد کرنے کے الزام میں تھانہ گلشن اقبال کے ایس ایچ او سمیت 6 اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس اہلکاروں اور ایس ایچ او کو معطل کرنے کا فیصلہ ڈپٹی انسپکٹر جنرل(ڈی آئی جی) آپریشنز نے کیا اور ان تمام افراد کے خلاف مقدمہ درج کرواکے انہیں اسی تھانے کے حوالات میں بند کردیا ہے۔
ترجمان پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ23 ستمبر کو لاہور کے علاقے محافظ ٹاؤن کے رہائشی نواز کو تھانہ گلشن اقبال کے اہلکار اٹھاکر تھانے لے آئے اور اسے بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد حوالات میں بند کردیا۔
واقعے کا علم ہوتے ہی ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ او، 2 کانسٹیبل سمیت 6 اہلکاروں کو معطل کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے اسی تھانے میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کروایا اور حوالات میں انہیں بند کردیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو حبس بے جا میں رکھنے اور ان پر تشدد کے واقعات ناقابل برداشت ہیں، واقعے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
- Featured Thumbs
- https://i.imgur.com/gCS5iOo.jpg