
آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور ودیگر پولیس افسران کو فریق بناتے ہوئے درخواست دائر کی گئی: ذرائع
لاہور ہائیکورٹ میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر محمد عثمان انور ودیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی کارکن صنم جاوید کی طرف سے لاہور ہائیکورٹ میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور ودیگر پولیس افسران کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی ہے۔
صنم جاوید کی طرف سے درخواست ان کے وکیل شکیل پاشا ایڈووکیٹ کی وساطت سے آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور ودیگر پولیس افسران کو فریق بناتے ہوئے دائر کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق صنم جاوید کی طرف سے درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور اور دیگر پولیس افسران نے عدالت کے حکم پر مقدمات کی رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کروائی ہے۔ پولیس نے عدالت میں بتایا کہ صنم جاوید پر صرف 2 مقدمات درج ہیں کہہ کر غلط بیانی سے کام لیا گیا اور انہیں مزید 2 مقدمات میں گرفتار کر لیا گیا۔
درخواست گزار نے لاہور ہائیکورٹ میں بتایا ہے کہ صنم جاوید کو انسداد دہشت گردی عدالت میں 2 مزید مقدمات میں پیش کیا گیا۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت کے سامنے پولیس کی طرف سے غلط بیانی کی گئی ہے لہٰذا آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور اور دیگر پولیس افسروں کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔
واضح رہے کہ چند دن پہلے پی ٹی آئی کارکن صنم جاوید کو انسداد دہشت گردی عدالت سے دوسری دفعہ ضمانت ملنے کے باوجود رہائی کے بعد گرفتار کیا جا چکا ہے۔ صنم جاوید کو رہا کرنے کے بعد پولیس نے دوبارہ گرفتار کیا اور قیدیوں کی وین میں ڈال کر لے گئے، اس موقع پر صنم جاوید کے والدین اور کمسن بیٹیاں بھی موجود تھیں۔ صنم جاوید کے والد کا کہنا تھا کہ ان پر صرف 2 مقدمات تھے جس میں عدالت انہیں رہا کر چکی ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/11sanamjavrihgjjvgd.png