ضلع قلات میں اومی کرون کے 30 مشتبہ مریضوں کاانکشاف

omicron1n112.jpg


ضلع قلات میں اومی کرون کے 30 مشتبہ کیس، نمونے این آئی ایچ ڈی بھیج دیئے گئے

بلوچستان کے ضلع قلات میں کورونا وبا کے نئے خطرناک ویرینٹ اومی کرون کے 30 مشتبہ کیسز سامنے آئے ہیں جن پر انچارج کورونا سیل بلوچستان ڈاکٹر نقیب اللہ نیازی کا کہنا ہے کہ نمونے لیکر تصدیق کیلئے این آئی ایچ ڈی اسلام آباد بھجوا دیئے گئے ہیں۔

بلوچستان میں کورونا سیل کے انچارج نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر قلات کو ہدایت کی ہے کہ وہ مریضوں کو تلاش کر کے انہیں قرنطینہ میں رکھیں۔

ادھر وزیراعلیٰ بلوچستان عبد القدوس بزنجو نے بھی اومی کرون کی اطلاعات پر اظہار تشویش کرتے ہوئے محکمہ صحت سے رپورٹ طلب کی اور متاثرہ افراد کو فوری طور پر قرنطینہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے مذکورہ افراد کو کورونا ویکسین لگانے کی ہدایت کرتے ہوئے پی سی آر ٹیسٹ کی پیشرفت رپورٹ بھی طلب کی۔


عبدالقدوس بزنجو نے محکمہ صحت کو کورونا ویکسی نیشن اور ٹیسٹ کی استعداد کار میں اضافے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کرونا کی نئی قسم خطرناک ثابت ہوسکتی ہے لہٰذا عوام کی حفاظت کے لیے اقدامات پرعمل در آمد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حفاظتی ویکسین ہی وائرس سے بچاؤ کا واحدطریقہ ہے۔

مشتبہ کیسز سامنے آنے کے بعد طبی حلقوں میں خوف پھیل گیا اور طبی عملہ ذہنی اذیت کا شکار بھی ہوا۔ کورونا آپریشن سیل نے مریضوں کے نمونے این آئی ایچ بھیجنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ رپورٹ آنے تک کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔