عسکری سیمنٹ، بینک وفرٹیلائزر سمیت فوج کے دیگر اداروں نے کتنا ٹیکس دیا؟

2fauiiiidaryyataxdiaa.png


ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف نے واضح کردیا کہ پچھلے مالی سال پاکستان آرمی نے براہِ راست 100 ارب روپے ٹیکسز کی مد میں دیے۔راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میجر جنرل احمد شریف کا کہنا تھا کہ پچھلے مالی سال پاک فوج کے ذیلی اداروں نے 260 ارب روپے ٹیکسز اور ڈیوٹیزکی مد میں ادا کیے۔

انہوں نے بتایا فوجی فاؤنڈیشن نے 223 ارب، ڈی ایچ ایز نے 23 ارب روپے کے ٹیکس جمع کرائے جبکہ این ایل سی نے ساڑھے 3 ارب، آرمی ویلفیئر ٹرسٹ نے 3 ارب روپے ٹیکس جمع کرائے۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے ذیلی اداروں سمیت پاک فوج نے کُل ملا کر 360 ارب روپے کے ٹیکس جمع کرائے۔


ترجمان پاک فوج میجر جنرل احمد شریف نے کہا ہے کہ 9 مئی فوج نہیں بلکہ پورے پاکستان کے عوام کا مقدمہ ہے، 9 مئی کرنے اور کروانے والوں کو آئین کے مطابق سزا دینی پڑے گی,ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ٹھوس شواہد موجود ہیں ٹی ٹی پی پاکستان میں دہشتگردی کیلئے افغان سرزمین استعمال کررہی ہے۔

پاکستان نے دہشت گردی کے جواب میں افغانستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کے خلاف کارروائی کی ہے، دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کی سرکوبی کے لیے ہر حد تک جائیں گے، فوج کی اولین ترجیح ملک میں امن قائم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بشام میں چینی انجینئرز پر خود کش حملے کی کڑیاں بھی سرحد پار ملتی ہیں، اس حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں کی گئی، دہشتگردوں اور سہولت کاروں کو افغانستان سے کنٹرول کیا جارہا تھا، پاکستان میں دہشتگرد حملوں کا مقصد معاشی ترقی کو نقصان پہنچانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گوادر پورٹ اتھارٹی کالونی پر حملے کو فوجی جوانوں نے ناکام بنایا، 8 دہشتگردوں کو ہلاک کیا، دہشت گردی کی ناکام کارروائیاں ثبوت ہیں کہ فورسز دشمن کے عزائم کو ناکام بنا رہی ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کررہا ہے، بھارتی ایجنسیوں نے پاکستان میں 2 شہریوں کو قتل کیا، پاکستان دہشتگردی کے نیٹ ورک کو ختم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑےگا، بھارتی فوج ایل او سی پرمعصوم شہریوں کونشانہ بناتی ہے، اسے منہ توڑ جواب دیا ہے اور دیتے رہیں گے، بھارتی فوج مقبوضہ کشمیرمیں بےگناہ کشمیریوں کوشہید کررہی ہیں، بھارتی ایجنسیاں پاکستانیوں کےقتل میں ملوث ہیں۔