
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ اس وقت ہمارا ووٹر ہم سے ناراض ہے کہ عمران خان کو پکڑ کیوں نہیں رہے ۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ حکومتی اتحادی اجلاس میں اکثریت کی رائے تھی کہ جو شخص ملک، قانون اور اداروں کے خلاف بغاوت کررہا ہے،اس سے بات کرنے کا مطلب ہے کہ ہم ان کی روش کو سند قبولیت دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فیصلہ کیا گیا کہ لاہور اور اسلام آباد میں ہونے والی قانون شکنی کی شفاف تحقیقات ہونی چاہیے اور ریاست کی رٹ بحال ہونی چاہیے۔ عمران خان پر مسلسل اداروں کی مہربانی جاری ہے جب کہ اس وقت ہمارا ووٹر ہم سے ناراض ہے کہ عمران خان کو پکڑ کیوں نہیں رہے۔
لاہور اسلام آباد میں سب نے دیکھا کس طرح قانون کی دھجیاں بکھیری گئیں، زمان پارک میں دہشتگرد تنظیموں سے متعلق افراد کی شناخت بھی ہوئی، شہنشاہ معظم عدالت میں پیش نہیں ہوئے عدالت ان کے پاس چل کر گاڑی میں آئی، عمران خان آرمی چیف اور قومی سلامتی کے اداروں کیخلاف بیرون ملک مہم چلارہے ہیں، عمران خان اپنی انا کیلئے ملک دشمنی کی آخری حد تک جانے کو تیار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا عمران خان اپنی غلطیوں پر سجدہ سہو کرلیں تو بات چیت کا سوچا جاسکتا ہے، ریاست نے اس طرح ہتھیار ڈالے تو کسی بھی انتہاپسند گروپ کیلئے کھلا میدان ہے، عمران خان اپنی پارٹی کو ہٹلر کی نازی پارٹی کی طرز پر استوار کررہے ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ مظلوم وہ ہوتا ہے جو عدالت کے رحم و کرم پر ہوتا ہے، مظلوم وہ ہوتا ہے جو صبح نو بجے عدالت میں پیشی پر نہ پہنچے تو اس کی ضمانت منسوخ ہوجاتی ہے، جس شخص کیلئے عدالت رات آٹھ بجے تک کھلی رہے اور جج انتظار کریں وہ تو طاقتور ہے،جس شخص کیلئے ہائیکورٹ کے جج انتظار کرتے رہیں اور اپنے پروانے گاڑی میں بھیج کر دستخط کروائیں وہ ظالم ہے، اس وقت مظلوم پاکستان کا نظام انصاف اور پولیس بنی ہوئی ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/4ahsan%20iqbalvoternaraz.jpg