
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں اعلان کیا ہے کہ ہم وفاقی حکومت کا حصہ نہیں بنیں گے لیکن مسلم لیگ ن کو حکومت سازی کرنے کے لیے ووٹ کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی وفاق میں وزارتیں نہیں لے گی لیکن ن لیگ کے ہاتھ مضبوط کرے گی اور سیاسی جماعتوں سے رابطے کرنے کے لیے پیپلزپارٹی نے 6 رکنی کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔ سابق سینیٹر وسینئر رہنما پیپلزپارٹی فرحت اللہ بابر نے حکومت سازی کے حوالے سے فیصلوں پر اپنی ہی سیاسی جماعت پر تنقید کردی۔
سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر نے پیپلزپارٹی کے حکومت میں نہ بیٹھنے کے فیصلے کی وجہ بارے اشارہ دیتے ہوئے ایکس (ٹوئٹر) پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا: امید تھی کہ انتخابات کے نتائج کے بعد عمران خان سیاسی جماعتوں سے رابطے کریں گے تاکہ ان کے حمایت یافتہ امیدواروں کے مینڈیٹ کو یقینی بنایا جا سکے۔لیکن افسوس، عمران خان نے دوسری سیاسی جماعتوں سے بات چیت نہیں کی۔
انہوں نے لکھا کہ: عمران خان کا یہ اقدام تفرقہ پھیلانے والا، غیردانشمندانہ اور خود کو تباہ کرنے والا ہے جس میں اشارہ ہے کہ پیپلزپارٹی کو امید تھی کہ تحریک انصاف ان سے رابطہ کرے گی لیکن ایسا نہ ہو سکا جس پر انہیں افسوس ہے۔ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اڈیالہ جیل سے پارٹی قیادت کو پیغام میں مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) سے اتحاد کرنے سے منع کر دیا ہے۔
https://twitter.com/x/status/1757394191011983544
فرحت اللہ بابر نے ایک اور ایکس (ٹوئٹر) پیغام میں لکھا کہ: مشکلات کے باوجود پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدواروں کو ووٹرز نے میندیٹ دیا ہے۔ ڈیموکریٹس عوام کے اس مینڈیٹ کا احترام کرنا چاہتے تھے لیکن عمران خان نے کہہ دیا کہ وہ مسلم لیگ ن سے بات کریں گے نہ پیپلزپارٹی سے جو انتہائی مایوس کن ہے۔ تحریک انصاف میں یقیناً کافی سمجھدار لوگ بھی ہوں گے۔
https://twitter.com/x/status/1757398238720663840
فرحت اللہ بابر نے اپنے بیان میں اشارتاً تحریک انصاف کے لیے اب بھی دروازے کھلے رکھنے کے ساتھ ساتھ عمران خان کو ڈھکے چھپے الفاظ میں ناسمجھ بھی کہا ہے۔ یاد رہے کہ شریک چیئرمین پیپلزپارٹی آصف زرداری کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ہم مل کر حکومت قائم کریں گے اور ملک کو مشکلات سے نکالیں گے جس میں تحریک انصاف کو بھی شامل ہونا چاہیے۔ ہم نے ایک دوسرے کے خلاف انتخابات لڑا ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہم اکٹھے بیٹھ نہیں سکتے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/zari1h1ih113.jpg