
بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس کی چارج شیٹ سامنے آگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کی 4 صفحات پر مشتمل چارج شیٹ سامنے آگئی ہے جس کے مطابق عمران خان نے بطور وزیراعظم غیر قانونی طور پر مالی فائدے حاصل کیے، اپریل 2019 تک جس القادر ٹرسٹ کا کوئی وجود نہیں تھا ، ذلفی بخاری کے ذریعے اس ٹرسٹ کے تحت یونیورسٹی تعمیر کرنے کیلئے458 کنال اراضی طور عطیہ حاصل کی۔
چارج شیٹ کے مطابق برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے 190 ملین پاؤنڈ کا سراغ لگاکر پاکستان منتقل کرنے کی کارروائی شروع کی تو شہزاد اکبر نے ایک خفیہ معاہدہ کیا،6 دسمبر 2019 کو شہزاد اکبر نے نیشنل کرائم ایجنسی کے رازداری ڈیڈ پر دستخط بھی کیے، عمران خان نے اپنے اثر رسوخ سے القادر ٹرسٹ کو کابینہ سے منظور کروایا۔
عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف پیش کردہ چارج شیٹ میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے رولز آف بزنس1973 کی خلاف ورزی کی، عمران خان کی غیر قانونی سرگرمیوں میں بشریٰ بی بی نے اہم کردار ادا کیا، 24 مارچ2021 کو بطور ٹرسٹی بشریٰ بی بی نے دستاویزات پر سائن کرکےعمران خان کی مدد کی، عمران خان نے بے ایمانی سے 190 ملین پاؤنڈ سے 170 ملین پاؤنڈ کی سہولت کاری کی۔
چارج شیٹ میں کہا گیا ہے کہ خفیہ معاہدے کے تحت190 ملین پاؤنڈ کو حکومت پاکستان کا اثاثہ قرار دے کر سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں جمع کروایا گیا، ڈیل کے تحت زمین کی خریداری کو معاہدے کے طور پر استعمال کیا گیا، عمران خان اور بشریٰ بی بی نے فرحت شہزادی کے ذریعے اسلام آباد میں 240 کنال اراضی حاصل کی۔
چارج شیٹ میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو کرپٹ پریکٹسز کے مرتکب قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف ٹرائل شروع کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/ik-bush111h1h.jpg