
چیئرمین پی ٹی آئی کو سانحہ 9 مئی کے مقدمات میں تحقیقات کے دوران 10 کیسز میں قصوروار قرار دیدیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 9 مئی واقعات کی تحقیقات کیلئے قائم جے آئی ٹی نے 14 مقدمات میں تفتیش مکمل کرلی ہے، تفتیش میں دس کیسز میں عمران خان کو قصور وار قرار دیا گیا ہے۔
جے آئی ٹی کی جانب سے مرکزی مقدمے میں چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف چالان بھی مرتب کرلیا گیا ہے جو کہ2ہزار صفحات پر مشتمل ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ 9 مئی واقعات میں ملوث گرفتارملزمان کے بیانات اور نشاندہی پر چیئرمین پی ٹی آئی کو قصور وار قرار دیا گیا ہے۔
جے آئی ٹی کے مطابق سوشل میڈیا سے بھی چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف 4سو سے زائد شواہد مل گئے ہیں، اس کے علاوہ جناح ہاؤس حملے میں براہ راست ملوث80 ملزمان کے بیانات سے بھی سازش کا پہلو نظر آیا، چیئرمین پی ٹی آئی کے اپنے بیانات بھی حالات سے مختلف پائے گئے۔
جے آئی ٹی حکام کے مطابق دوران تفتیش 9 مئی واقعات میں براہ راست سازش کے شواہد سامنےآئے ہیں، ٹھوس شواہد اور ثبوتوں کی روشنی میں چیئرمین پی ٹی آئی کو دیگر 9 کیسز میں بھی قصوروار قرار دیا گیا ہے،جے آئی ٹی جلد14 مقدمات کا چالان عدالت میں جمع کروائےگی۔