
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عوام کے دلوں سے ہماری محبت کوئی نہیں نکال سکتا۔
تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے بہاولپور میں طوفان الاقصیٰ کانفرنس سے خطاب کیا اور فلسطین میں جاری اسرائیلی مظالم پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی مظلوم فلسطینیوں کیلئے آواز اٹھاتی رہے گی، ہم دنیا بھر میں مسلمانوں پر ہونےوالے مظالم کی مذمت کرتے رہیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت فلسطین میں مسلمانوں پر آگ برسائی جارہی ہے، یہ کیسا ایمان ہے کہ مسلمانوں پر ایک ملک میں بارود کی بارش ہورہی ہے اور مسلمان ممالک کی حکومتیں مصلحتوں کا شکار ہیں۔
سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جے یو آئی ف نے دنیا بھر کے مسلمانو ں کیلئے ہمیشہ آواز اٹھائی ہے، فلسطین کے مسئلہ پر دنیا بھر میں سب سے زیادہ موثر اور واضح آواز اگر کسی نے اٹھائی ہے تو وہ جے یو آئی ف ہے، ہم نے ہر جابر کے آگے کلمہ حق بلند کیا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نےاس موقع پر کہا کہ کوئی بھی طاقت عوام کے دلوں سے ہماری محبت نہیں نکال سکے گی۔