عون چوہدری سے ملاقات پر تنقید، عاطف خان کا کرارا جواب

atif.jpg

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی عاطف خان نے عون چوہدری سے ملاقات پر ہونے والی تنقیدوں کو کڑا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک معمول کی ملاقات تھی، جسے بلاوجہ تنازعہ بنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے ان لوگوں پر طنز کیا جو اداروں سے چوری چھپے ملاقات کرتے ہیں اور پھر ڈگی میں بھاگتے ہیں۔

عاطف خان کی مبینہ آڈیو لیک بھی سامنے آئی ہے، جس میں انہوں نے واضح کیا کہ وہ روزانہ اسلام آباد کلب میں واک کے لیے جاتے ہیں اور عون چوہدری سے ان کی ملاقات بھی اسی دوران ہوئی۔ انہوں نے کہا، "یہ کوئی سازش نہیں تھی، سازش کرنے کے لیے خفیہ جگہ کی ضرورت ہوتی ہے، اوپن جگہ پر سازش نہیں کی جاتی۔"

انہوں نے کئی اہم رہنماؤں کے اداروں سے روابط کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ معمول کی بات ہے، لیکن اسے بلاوجہ اہمیت دی جا رہی ہے۔ عاطف خان نے کہا کہ اگر شاہ فرمان نے تصویر شیئر کرنے کے بجائے ان سے براہ راست بات کی ہوتی تو یہ معاملہ بڑھتا نہیں۔ انہوں نے مزید کہا، "میں نے کبھی بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کو برا بھلا نہیں کہا، نہ ہی کبھی کالز کرکے لوگوں کو جمع کیا ہے۔"

عاطف خان کے بیان نے سیاسی حلقوں میں بحث کو مزید ہوا دے دی ہے۔ ان کی طرف سے اداروں سے روابط کا ذکر کرنا اور دیگر رہنماؤں پر طنز کرنا سیاسی مبصرین کے لیے ایک نئی بحث کا باعث بنا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ اس معاملے پر مزید کیا ردعمل سامنے آتا ہے اور کیا پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات مزید گہرے ہوں گے۔
 

Back
Top