غیر ملکی دباؤ مسترد کرتے ہیں اپنی مرضی سے حکومت بنائیں گے، افغان وزیر خارجہ

7.jpg

افغان وزیر خارجہ امیر متقی نے کہا ہے کہ افغانستان پر غیر ملکی دباؤ کو مسترد کرتے ہیں، ہم اپنی مرضی سے حکومت بنائیں گے۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے افغان وزیر خارجہ نے کہا کہ دنیا ہمارے سامنے شرائط نہ رکھے، حکومت بنانے کیلئے ہم اپنی مرضی کے مطابق چلیں گے، افغان حکومت کی کابینہ میں ہر قوم سے تعلق رکھنے والے افراد کو شامل کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جہاں بھی نیا نظام آتا ہے وہاں اپنے اعتماد کے لوگ لائے جاتے ہیں ، افغانستان میں جو ہورہا ہے یہ کوئی انہونی بات نہیں ہے،ہم تمام افغان قوموں کی نمائندہ حکومت ہیں آئندہ آنے والے دنوں میں مزید مثبت تبدیلی دیکھنے کو ملے گی۔


افغان وزیر خارجہ نے کہا کہ افغان حکومت پچھلے منصوبوں کو مکمل کرنا چاہتی ہے اور چاہتی ہے کہ ملک میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں، تاجروں سے گذارش کرتے ہیں کہ کاروبار معطل نہ کریں ، اپنے لوگوں کو فائدہ پہنچائیں، افغانستان چھوڑ کر جانے والے مہاجرین کو واپس لانے کی بھی کوشش کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم بین الاقوامی امداد کا خیر مقدم کرتے ہیں، دنیا سے درخواست کرتے ہیں کہ ہم سے تعاون کرنےو الوں کو سیاست کی نذر نہ کریں، ہم دنیا سے مثبت تعلقات کے خواہاں ہیں، دنیا سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ افغانستان کے حوالے سے انتشار کی پالیسی ترک کرکے مثبت رائے قائم کریں اور افغانستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں، دنیا اور اسلامی ممالک افغانستان کو مشکل وقت سے نکلنے میں مدد کرے۔