
پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان شیخ وقاص اکرم نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کو ایک ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھیج دیا ہے۔ نوٹس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ فواد چوہدری 14 دن کے اندر عوامی طور پر معافی مانگیں، بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔
نوٹس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ فواد چوہدری نے شیخ وقاص اکرم کے بارے میں جھوٹے، بے بنیاد اور توہین آمیز بیانات میڈیا پر نشر کیے، جس سے نہ صرف ان کی سیاسی ساکھ کو نقصان پہنچا بلکہ عوام میں ان کی حیثیت بھی متاثر ہوئی۔
نوٹس کے مطابق، فواد چوہدری نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس، ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اور مختلف یوٹیوب چینلز پر شیخ وقاص اکرم کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کیے۔ ان بیانات میں دعویٰ کیا گیا کہ شیخ وقاص اکرم نے تحریک انصاف کے خلاف سازش کی، انہیں سیاسی نقصان پہنچایا اور اربوں روپے کی کرپشن میں ملوث رہے۔
شیخ وقاص اکرم کے وکیل کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ یہ الزامات سراسر جھوٹ پر مبنی ہیں اور ان کا مقصد سیاسی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔ نوٹس میں واضح کیا گیا کہ اگر فواد چوہدری نے مقررہ مدت میں معافی نہ مانگی تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور ہتک عزت کے تحت عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔
- Featured Thumbs
- https://i.ibb.co/d062L8Fw/image.png