پاکستان مسلم لیگ کے سینئر وائس پریزیڈنٹ شاہد خاقان عباسی نے فوج سمیت تمام ملکی اداروں سے معیشت کے حوالے سے مشکل فیصلوں کی ذمہ داری لینے کا مطالبہ کردیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق شاہد خاقان عباسی ہم نیوز کے پروگرام"بریکنگ پوائنٹ ود مالک" میں خصوصی گفتگو کررہے تھے جب انہوں نے کہا کہ فوج سمیت تمام ملکی ادارے مل بیٹھ کر معیشت کے حوالے سے فیصلوں کی ذمہ داری ہے، حکومت آئینی حدود میں رہتےہوئے جو بھی فیصلہ کرے اداروں کو ان فیصلوں کو علی الاعلان سپورٹ کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اس حکومت کو بہت سے مشکل فیصلے کرنے پڑرہے ہیں اور ان مشکل فیصلوں کی سیاسی قیمت بھی ادا کرنا ہوگی،ملک میں جو کچھ ہوا ہے وہ ایک دن یا ہفتے میں نہیں ہوا، یہ ذمہ داری صرف ن لیگ، شہباز شریف یامفتاح اسماعیل کی نہیں ہے بلکہ یہ سب کی مشترکہ اونر شپ ہے۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ اس وقت نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کی میٹنگ ہونی چاہیے جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز، صدر مملکت و چیئرمین سینیٹ کو بلایا جائے، جو اونر شپ نہیں لے گا اسے حکومت میں نہیں رہنا چاہیے، ملک کے صدر کو بھی کہنا چاہیے کہ بطور صدر میں ان فیصلوں کی ذمہ داری لیتا ہوں۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ دنیا کا کوئی ملک ایسا نہیں ہے جو مہنگا پیٹرول خرید کر عوام کو سستے دام میں فراہم کرے، ملک کے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل ہیں ، اسحاق ڈار صرف اپنی رائے دیتے ہیں، حکومت فیصلے وزیراعظم نے کرنے ہیں لندن کا اجلاس مشاورت کیلئے تھا، موجودہ بگاڑ ہمارا نہیں بلکہ عمران خان کی حکومت کو پیدا کردہ ہے۔