فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کو ختم نہیں مؤخر کیاہے،وزیر توانائی خرم دستگیر

1bijlibillfpachnaawama.jpg

وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ بجلی کے بلوں میں فیول ایڈجسٹمٹ چارجز کو معاف نہیں بلکہ مؤخر کیا ہے، جسے اکتوبر سے مارچ کے درمیان وصول کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خرم دستگیر نے کہا کہ 300 یونٹ تک کے بجلی صارفین کا فیول ایڈجسٹمنٹ ختم نہیں بلکہ موخر کیا گیا ہے۔ درآمدی فیول کے بجائے مقامی ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے لگائے جائیں گے، جس سے بجلی کی قیمت کم ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ کم وسائل والے افراد کو ریلیف دیا جائے۔ ہم مالی حالات کو دیکھ کر پالیسی بنا رہے ہیں۔300 یونٹ تک کے گھریلو صارفین کا فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ اکتوبر سے مارچ کے درمیان وصول کیا جائے گا۔


خرم دستگیر نے کہا کہ دیہی علاقوں اور سرکاری عمارتوں کو سولر پر لایا جائے گا۔ 600 میگاواٹ کا پہلا منصوبہ آج سرمایہ کاروں کے سامنے رکھا جائے گا، جو کم قیمت دے گا، اس کو یہ منصوبہ ایوارڈ کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ وزیر توانائی سے قبل وزیر خزانہ نے بھی بتایا تھا کہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کو مکمل ختم نہیں کیا گیا بلکہ اس کی وصول آنے والے مہینوں میں کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ درآمدی فیول پر بجلی کارخانے نہیں لگائے جائیں گے۔