قومی کرکٹ ٹیم کے سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے وسیم اکرم کا منفرد فارمولا

3wasimakakrkksjshmndhdjd.png


آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2023ء کا ایونٹ بھارت میں جاری ہے، بھارت، آسٹریلیا اورسائوتھ افریقہ کے بعد نیوزی لینڈ بھی سیمی فائنل میں پہنچ چکا ہے جس کے بعد پاکستان کے سیمی فائنل میں رسائی کے امکانات معدوم ہو چکے ہیں۔ قومی کرکٹ ٹیم اپنا اگلا میچ انگلینڈ کے خلاف اپنا میچ کھیلے گی جس میں جیتنے کے باوجود ورلڈکپ سیمی فائنل میں رسائی کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں کیونکہ اسے بہت بڑے مارجن سے انگلینڈ کو شکست دینی ہو گی۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان کہلائے جانے والے وسیم اکرم نے ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے تیم کو انتہائی دلچسپ طریقہ بتایا ہے۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں ورلڈکپ پوائنٹس ٹیبل پر گفتگو کرتے ہوئے میزبان فخرعالم کی طرف سے افغانستان اور پاکستان کے سیمی فائنل میں رسائی کیلئے مخصوص رن ریٹ کا ذکر کیا گیا۔

https://twitter.com/x/status/1722822033791144231
فخر عالم نے پروگرام میں بتایا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے لیے وسیم اکرم نے ہمیں آف کیمرا انتہائی آسان مشورہ دیا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف پاکستان کو پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 280 سکور کرنے چاہئیں اور اس کے بعد انگلینڈ کی اننگز شروع ہونے سے پہلے ہی انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو ان کے ڈریسنگ روم میں بند کر دیا جائے تو پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا۔

فخر عالم کے بتانے پر وسیم اکرم نے بھی مسکراتے ہوئے اعتراف کر لیا اور فخر عالم کی ہاں میں ہاں ملا دی جس پر سابق کپتان مصباح الحق بھی مسکرا دیئے اور کہا کہ آپ نے اتنا مشکل حل کیا بتایا ٹیم کو یہ کام پہلے ہی کرنا چاہیے لیکن 280 سکور کرنے لازمی ہیں کیا؟ واضح رہے کہ نیوزی لینڈ 5 وکٹوں سے سری لنکا کو شکست دے کر پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی کو ناممکن بنا چکا ہے۔

پاکستان کے کرکٹ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے کچھ طریقوں میں سے ایک یہ ہے کہ پاکستان انگلینڈ کے خلاف پہلے کھیلتے ہوئے 300 رنز سکور کرے اور انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو 13 سکور پر آئوٹ کر دے، دوسرا یہ کہ پاکستان انگلینڈ کیخلاف 350 سکور کرے اور انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو 62 سکور پر آئوٹ کرے، تیسرا یہ کہ 400 سکور بنا کر انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو 112 رنز پر آئوٹ کر دے۔

چوتھے طریقے کے مطابق پاکستان انگلینڈ کے خلاف پہلے بلے بازی کرتے ہوئے اگر 450 رنز بنا لے اور پھر انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو 161 سکور پر آئوٹ کر دے تو بھی پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ سکتا ہے۔ انگلینڈ کے پہلے بلے بازی کی صورت میں انہیں 50 سکور پر آئوٹ کرنا ہو گا اور پاکستان کو 5.2 اوور میں ہدف حاصل کرنا ہو گا۔