لاہور میں راستہ پوچھنے کے بہانے ڈیوائس کے ذریعے ڈکیتی کا انوکھا واقعہ

robberry.jpg


لاہور : شالیمار پولیس کے زیر اثر علاقے میں ایک انوکھی ڈکیتی کا واقعہ پیش آیا جہاں ایک ڈاکو نے نہ صرف شہری کو گھر لے جا کر لوٹا بلکہ مال لوٹنے کے بعد اسے واپس چھوڑ دیا۔

تفصیلات کے مطابق، 19 اپریل کو صبح ساڑھے آٹھ بجے حسن شہزاد نامی شہری موٹرسائیکل پر سفر کر رہا تھا کہ سیٹھاں والی باغیچی کے قریب ایک نامعلوم شخص نے راستہ پوچھنے کا بہانہ بنا کر اسے روک لیا۔

واقعے کے بارے میں متاثرہ شخص کا بیان ہے کہ نامعلوم شخص نے ایک ڈیوائس ان کی جیب میں ڈال کر دھمکی دی کہ "یہ بم ہے، اگر مزاحمت کی تو تمہیں بم سے اڑادوں گا"۔ اس کے بعد ڈاکو نے حسن کو اپنے ہی گھر لے جانے کا حکم دیا جہاں اس نے زیورات، نقدی، موبائل فون اور کریڈٹ کارڈز لوٹ لیے۔
https://twitter.com/x/status/1915113777097236933
حیرت انگیز طور پر، مال لوٹنے کے بعد ڈاکو نے حسن سے کہا کہ اب اسے واپس چھوڑ آئے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ڈاکو کو حسن کی موٹرسائیکل پر پیچھے بیٹھا دیکھا جا سکتا ہے۔

پولیس نے واقعے کے دو دن بعد مقدمہ درج کیا ہے۔ ایس پی اثر علی چوہدری کے مطابق ابتدائی طور پر چوری اور دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کرنے میں ہونے والی تاخیر اور دفعات کے انتخاب پر متعلقہ ایس ایچ او سے وضاحت طلب کی جائے گی۔ قانونی ماہرین کے مطابق چونکہ ڈاکو نے دھمکی آمیز رویہ اختیار کیا تھا، اس لیے یہ واقعہ ڈکیتی کے زمرے میں آتا ہے۔

پولیس نے ملزم کی شناخت کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج سمیت دیگر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔ یہ واقعہ شہر میں ہونے والی منفرد نوعیت کے مجرمانہ واقعات میں شمار کیا جا رہا ہے
 

Back
Top