لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن پر بھارتی انتہا پسندوں کا حملہ، شیشے توڑ دیئے

screenshot_1745770435275.png


پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارتی انتہا پسندوں نے لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن پر حملہ کر دیا۔ حملہ آوروں نے عمارت کے شیشے توڑنے سمیت متعدد تخریبی کارروائیاں کیں۔

ڈان نیوز کے مطابق، بھارت میں پہلگام کے مبینہ واقعے کے بعد بیرون ملک مقیم بھارتی انتہا پسندوں نے بھی تشدد کا راستہ اپنایا۔ لندن میں واقع پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر جمع ہونے والے ہندو انتہا پسندوں نے عمارت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ حملہ آوروں نے عمارت پر سرخ رنگ پھینکا اور شیشے توڑ دیے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ میٹروپولیٹن پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کی۔ پولیس نے دو بھارتی شہریوں کو حراست میں لے لیا جو عمارت کو نقصان پہنچانے اور نازیبا حرکات کرنے میں ملوث تھے۔

یاد رہے کہ بھارتی حکومت نے 23 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے پہلگام علاقے میں 26 سیاحوں کی مبینہ ہلاکت کے بعد سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی بھارت نے پاکستانی شہریوں کو 48 گھنٹے کے اندر ملک چھوڑنے کا حکم جاری کیا تھا۔

پاکستانی حکومت نے بھارت کے ان اقدامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں واضح کر دیا تھا کہ پاکستان کا پانی روکنا اعلان جنگ تصور کیا جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

لندن میں پیش آنے والا یہ واقعہ بھارت میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی کی عکاسی کرتا ہے۔ پاکستانی حکام نے واقعے کی فوری طور پر میٹروپولیٹن پولیس کو اطلاع دے دی تھی۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور مزید گرفتاریوں کا امکان ہے۔
 

Back
Top