مالی سال کے ابتدائی 2 ماہ میں گاڑیوں کی فروخت میں93فیصد اضافہ

11.jpg

رواں مالی سا ل کے پہلے دو ماہ میں آٹو سیکٹر بہتری کی جانب گامز ن دکھائی دے رہا ہے، اس عرصے میں گاڑیوں کی فروخت میں 93 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مالی سال کے ابتدائی 2 ماہ میں مجموعی طور پر گاڑیوں کے38 ہزار 568 یونٹس فروخت ہوئے ہیں، تاہم اگست کے مہینے میں جولائی کے مقابلے میں گاڑیوں کی فروخت میں کمی دیکھی گئی، جولائی میں 20 ہزار 669 گاڑیاں فروخت ہوئی تھیں جو اگست میں کم ہوکر 17 ہزار 899 رہ گئیں۔

رپورٹ کے مطابق اس عرصے میں ٹرکوں کی فروخت میں 150 فیصد، لائٹ کمرشل گاڑیوں کی فروخت میں 119 فیصد، ٹریکٹروں کی فروخت میں 18اعشاریہ 4 فیصد جبکہ بسوں کی فروخت میں 2فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، ملک میں 2 اور 3 پہیوں والی گاڑیوں کی فروخت میں بھی 1اعشاریہ 3 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ملک میں اس عرصے کے دوران چند گاڑیوں کی پیداور اور فروخت میں بھی غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا جیسا کہ سوزوکی آلٹو کی پیداور میں 862 فیصد اور فروخت میں 145 فیصد اضافہ ہوا۔

ٹیوٹا کرولا کی پیداوار اور فروخت میں بھی اضافہ ہوا مالی سال 2022 کے ابتدائی 2 ماہ میں اس گاڑی کی پیداور میں 72 فیصد سے اور فروخت میں 78 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، اس گاڑی کے 4 ہزار 118 یونٹس کی پیداور ہوئی اور 4 ہزار262 یونٹس فروخت ہوئے۔

ٹیوٹا یارس کی پیداور 10 فیصد اضافے کے بعد 3ہزار864 اور فروخت32 فیصد بڑھ کر4ہزار725 یونٹس تک پہنچ گئی ہے، ہنڈا سوک کی پیداور10 فیصد اضافے کے بعد 4 ہزار449 یونٹس جبکہ ہنڈا سوک کی پیدوار 6 فیصد اضافے کے بعد 4ہزار426 یونٹس تک رہی۔

ملک میں مالی سال 2022 کے ابتدائی 2 ماہ کے دوران ایل سی وی، جیپ اور پک اپ گاڑیوں کی فروخت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے،اس کیٹیگری میں ٹیوٹا فارچونر کی پیداور میں 258فیصداور فروخت میں 271 فیصد اضافہ ہوا، ہنڈائی ٹوسان کی پیداوار میں 258 فیصدا ورفروخت میں 1568 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔