
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کے والد نے سابق فاسٹ باؤلر محمد آصف کے بابراعظم سے متعلق بیان پرردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بابراعظم احتراما محمد آصف کا ایک اوور ضرور میڈان کھیل جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کے والد نے سابق فاسٹ باؤلر محمد آصف کی جانب سے بابراعظم سے متعلق گفتگو پرردعمل دیدیا ہے اور اس واقعہ کو مکمل تفصیل سے بتادیا ہے جس بارے میں محمد آصف نے اشارتا بات کی تھی۔
بابراعظم کے والد اعظم صدیقی نے بتایا کہ بابرجب انڈر16 کھیل کر آیا تو ڈی پی ایس ماڈل ٹاؤن گراؤنڈ کے ساتھ ایک کلب اسکول آف کرکٹ کا دوسرے کلب کے ساتھ میچ ہوا، محمد آصف اس وقت کم بیک کی تیاری کررہے تھے، بابراعظم نے اس میچ میں 84 رنز بنائے تاہم محمد آصف نے انہیں آؤٹ کردیا، میچ کے بعد بابر نے دلبرداشتہ طور پر بتایا کہ آصف بھائی نے بہت برا بھلا کہا۔
اعظم صدیقی نے کہا کہ میں نے بابر سے کہا کہ تم نے بھی تو انہیں11 چوکے مارے ہیں، نیشنل اکیڈمی میں زیڈ ٹی بی ایل کیلئے بابراعظم کو ٹرائل کیلئے بلایا گیا تھا، محمد آصف جب پہنچے تو ٹرائل شروع بھی نہیں ہوا تھا، بابر پیڈ کیے تیار تھے ،محمد آصف کو جب پتا چلا کہ بابرکو ٹرائل کیلئے بلایا گیا ہے تو وہ کلب انتظامیہ کے پاس گئے اور سخت لہجے میں بولے اس کا ٹرائل لے رہے ہو جس نے مجھے مار مار کر تھکادیا، اس نے مجھے 11 چوکے مارے ہیں، اس کو رکھ لو اپنے کلب میں یہ تمہارے بہت کام آئے گا۔
بابراعظم کے والد نے کہا کہ بابراعظم کو اس کلب سے پہلی سیلری ملی جو کہ16800 روپے تھی، اس سیلر ی نے بابرکو آگے بڑھنے میں بہت مدد کی، اگر کبھی ایسا وقت آیا تو بابراحترام کی وجہ سے آپ کا اوور میڈان کھیل جائے گا، کیونکہ آپ کی بروقت گواہی ہمارے بہت کام آئی تھی۔
خیال رہے کہ محمد آصف نے گزشتہ دنوں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں آج بھی بابر کو میڈان اوور کرواسکتا ہوں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/19bababrazmanaasifwalad.png