
پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا سابق گورنر سندھ محمد زبیر کی لیک ویڈیوز پر ردعمل سامنے آگیا، کہتی ہیں محمد زبیر اور ان کی بیگم کو کافی دیر سے دھمکیاں مل رہی تھیں، مبینہ ویڈیو کی حقیقت کیا ہے یہ محمد زبیر اور اللہ کا معاملہ ہے لیکن محمد زبیر میرے ترجمان رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ماڈل ٹاؤن میں پارٹی سیکرٹریٹ میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران مریم نواز نے کہا کہ محمد زبیر کو کافی دیر سے دھمکیاں مل رہی تھیں، انہیں دو سال سے ڈرایا جا رہا تھا، ایسے کسی کی غیر اخلاقی ویڈیو سامنے آنا بری بات ہے، کسی کی بھی ویڈیو سامنے نہیں آنا چاہیے، مبینہ ویڈیو کی حقیقت کیا ہے یہ محمد زبیر اور اللہ کا معاملہ ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ کسی نے ہم سے لڑنا ہے تو سیاسی طور پر لڑے، میرے پاس کسی کی نجی ویڈیو نہیں ہے تاہم سازش کی ویڈیو ضرور ہے، محمد زبیر کی ویڈیو بھی ان کا ذاتی معاملہ ہے۔
مسلم لیگ کی نائب صدر نے بیٹے جنید صفدر کے سیاست میں آنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جنید صفدر قانون کے فائنل ائیر میں ہے وہ ابھی لیگل پریکٹس کرے گا، جنید کی تو ابھی شادی ہوئی ہے، ابھی اس کا سیاست میں کوئی ارادہ نہیں، میں اور میاں صاحب سیاست کے لئے کافی ہیں۔
نواز شریف کی سیاست اور وطن واپسی کے حوالے سے کہا مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف پاکستان آنے کےلئے بے تاب ہیں۔ کچھ لوگ نوازشریف کی زبان بند کرنا چاہتے ہیں، میں تو چاہتی ہوں میرے والد نوازشریف دسمبر سے پہلے آ جائیں۔
لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ چئیرمین نیب توسیع کے بارے میں آئین میں کوئی گنجائش نہیں۔
دوسری جانب ن لیگی رہنما محمد زبیر نے ویڈیو کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو بھی اس کے پیچھے ہے اس نے انتہائی ناقص اور شرمناک حرکت کی ہے ، یہ ویڈیوز "جعلی اور ڈاکٹرڈ ہیں یہ سیاست کا نچلا درجہ ہے۔
واضح رہے کہ چند روز پہلے مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر کی غیر اخلاقی اور نازیبا ویڈیولیک ہوئی ہے جن میں انہیں مختلف خواتین کے ساتھ رنگ رلیاں مناتے دکھایا گیا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://i.ibb.co/nPvDZzy/6.jpg