
مریم نواز شریف کی جانب سے بی ایم ڈبلیو کی ملکیت سےانکار کے بعد جے آئی ٹی رپورٹ میں درج اس گاڑی سے متعلق تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مریم نواز شریف ماضی میں متحدہ عرب امارات سے بیش قیمت بی ایم ڈبلیو رکھنے اور فروخت کرنے کا نا صرف اعتراف کرچکی ہیں بلکہ انہوں نے یہ ٹرانزیکشنز اپنے ٹیکس گوشواروں میں بھی ظاہر کی ہیں۔
پاناما لیکس کی تحقیقات کیلئے قائم کردہ جے آئی ٹی کی رپورٹ میں سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق مریم نواز شریف نے دعویٰ کیا کہ انہیں یو اے ای کے شاہی خاندان نے بی ایم ڈبلیو کار تحفہ میں دی تھی، جسے انہوں نے بعد میں فروخت کردیا اور اس سے حاصل ہونے والی رقم سے ان کے اثاثوں میں اضافہ ہوا۔
مریم نواز شریف کی جانب سے جے آئی ٹی کو بتائی گئی تفصیلات کے مطابق مریم نواز شریف نے تحفہ میں ملنے والی کار کیلئے 35 لاکھ روپے ڈیوٹی ادا کی، اس وقت مریم نواز شریف کا ذریعہ آمدن کوئی نہیں تھا، بعد ازاں مریم نواز نے اپنے گوشواروں میں اس گاڑی کو2 کروڑ80 لاکھ روپے میں فروخت کی ٹرانزیکشن ظاہر کی۔
جے آئی ٹی کی رپورٹ کےمطابق حیران کن بات یہ ہے کہ کئی سالوں بعد مریم نواز شریف کی جانب سے جمع کروائی گئی ایک ویلتھ سٹیٹمنٹ میں یہ گاڑی واپس ان کے اثاثہ جات میں موجود تھی۔
مریم نواز شریف کے شوہر کیپٹن صفدر نے جے آئی ٹی کو جمع کروائی گئی اپنی ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں بھی اس گاڑی کا ذکر کیا، تاہم کیپٹن صفدر نے اس گاڑی کی مالیت صرف 60 لاکھ روپے ظاہر کی، انہوں نے اس گاڑی کی ملکیت 2016تک ظاہر کی۔
خیال رہے کہ مریم نواز شریف کے حال ہی میں منصور علی خان کو دیئے گئے انٹرویو کے دوران ہونے والی گفتگو کا ایک کلپ لیک ہوا ہے جس میں منصور مریم سے گوشواروں میں ظاہر کردہ ایک بی ایم ڈبلیو گاڑی سے متعلق سوال کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
منصور علی خان سوال کرتے ہیں کہ آپ کو متحدہ عرب امارات کے شاہی خاندان نے آپ کو ایک بی ایم ڈبلیو گاڑی تحفہ میں دی، مریم نواز نے واضح طور پر انکار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کہاں لکھا ہے؟ میرے پاس تو کبھی بی ایم ڈبلیو گاڑی نہیں رہی، یہ خاندان کی گاڑی ہوسکتی ہے مجھے اس کے بارے میں کوئی علم نہیں ۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/maryam-ahsha.jpg