مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف کی جانب سے وزیراعظم کی اہلیہ سے متعلق جادو ٹونے کے بیان نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے، مخالفین اور حامیوں نے ٹویٹر پر اپنی اپنی جانب کے موقف کو پیش کرنے کیلئے ٹرینڈز چلادیئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مریم نواز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا تھاوزیراعظم کے جنات اہم تقرریاں کرتے ہیں، یہ آدمی جادو ٹونے کے ذریعے ملک چلارہا ہے، عمران خان کا حساب کتاب جادوٹونہ ، جنترمنتر، عوام کیلئے کیوں نہیں؟ اگر جادو ٹونہ چلتا ہے تو آٹا چینی سستی کرواؤ۔
مریم نواز کے اس بیان پر مخالفین نے 'سیاسی چڑیل' کا ٹرینڈ چلایا تو مریم کے حمایتیوں نے 'جادو ٹونے' کی سرکار کے ہیش ٹیگ کو ٹرینڈنگ میں لانے کیلئے زوروشور سے ٹویٹس کرنا شروع کردیں۔
مریم نواز کے اس بیان پر تحریک انصاف کے رہنماؤں نے بھی سخت ردعمل دیا معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ ایک سیاسی چڑیل دوسروں کو جادوٹونے کا طعنہ دے رہی ہے، اس سیاسی چڑیل سے نہ چچامحفوظ ہے اور نہ کوئی اور وہ کونسے جنات تھے جو پاکستان کا پیسہ باہر لے گئے؟کیاآپکے تہہ خانوں میں جنات، چڑیلیں دولت بانٹ رہی تھیں؟
تحریک انصاف کے ناراض رہنما ڈاکٹر عام لیاقت حسین بھی مریم نواز کے اس بیان پر شدید ناراض نظر آئے انہوں نے کہا کہ بشری بھابھی ہماری ماں جیسی ہیں ،میں الگ ہواہوں لیکن خان صاحب اور بھابھی کی عزت کے لیے کھڑا ہوں۔
ٹویٹر پر مریم نواز کے خلاف 'سیاسی چڑیل' کا ٹرینڈ چلانے والوں نے ان کی ایڈیٹڈ تصاویر شیئر کیں اور ان پر شدید تنقید کرتے دکھائی دیئے۔
اسی طرح کچھ مخالفین نے مریم نواز کی جانب سے عمران خان پر ذاتی حملے کرنے کی مذمت کرتے ہوئے'بدزبان ، بداخلاق ، مریم نواز' کا ٹرینڈ بھی چلایا اور سیاست میں غیر اخلاقی زبان کے استعال کے خلاف شدید الفاظ میں ردعمل دیا۔
دوسری جانب مریم نواز کے حامی سوشل میڈیا صارفین نے بھی ان کی حمایت میں خوب ٹویٹس کی اور مخالفین کے دانت کھٹے کرنے کی بھرپور کوشش کرتے رہے، مریم نواز کے حامی سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت جادو ٹونے سے اقتدار میں آئی ہے اور ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا کرچکی ہے انہیں چاہیے کہ اسی جادو ٹونے کو استعمال کرتے ہوئے ملک میں مہنگائی کے جن پر قابو پا لیں۔