
لاہور: تاریخی ورثے کی بحالی اور تحفظ کے لیے "لاہور اتھارٹی فار ہیریٹج ریوائیول" (LAHR) کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے پیٹرن انچیف مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف ہوں گے۔
یہ فیصلہ لاہور میں ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کی۔ اجلاس میں لاہور کے تاریخی مقامات کی بحالی اور تحفظ کے لیے اقدامات پر غور کیا گیا اور شہر کو چھ زونز میں تقسیم کرنے کی منظوری دی گئی تاکہ مختلف علاقوں میں تاریخی عمارتوں اور مقامات کی بحالی کو منظم کیا جا سکے۔
https://twitter.com/x/status/1901193271642112499
نواز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کو اس کی اصل تاریخی حالت میں بحال کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے تجاوزات کے متاثرین کے لیے متبادل جگہ اور معاوضے کی فراہمی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ یورپ کے شہروں کو صدیوں بعد بھی ان کی اصل شکل میں محفوظ رکھا گیا ہے، اسی طرح لاہور کی قدیمی حیثیت بحال کرنے سے عوام بھی مستفید ہوں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس موقع پر کہا کہ جگہ جگہ تجاوزات سے شہروں کو بگاڑنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور عوام میں شہریت کا شعور بیدار کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے لاہور کے تاریخی دروازوں کو ان کی قدیمی شکل میں بحال کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شاہی قلعہ، جہانگیر اور نور جہاں کے مقبرے، شالا مار باغ اور کامران کی بارہ دری کی تزئین و آرائش کی جائے گی، جبکہ شاہ عالم مارکیٹ سے بھاٹی گیٹ تک پیدل گزرگاہ بنانے کی تجویز پر بھی اتفاق کیا گیا۔