
پولیس نے مری میں کمرہ عدالت سے اغوا کئے گئے پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو بازیاب کروا لیا، اغوا میں ملوث ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پسند کی شادی کرنے والا جوڑا بیان دینے تھانہ مری کی حدود جھیکاگلی کچری پہنچے جہاں درجنوں مسلح افراد نے پولیس اہلکاروں کے سامنے جوڑے کو اغوا کر لیا، احاطہ عدالت میں موجود افراد میں شدید خوف وہراس پھیل گیا۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، تو سوشل میڈیا صارفین نے غم وغصے کا اظہار کیا اور پولیس کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھائے۔
https://twitter.com/x/status/1443155352682369025
پولیس نے ایس پی صدر کامران عامر اور اے ایس پی مری کی زیر نگرانی کارروائی کرتے ہوئے نوبیاہتا جوڑے کو کجوٹ کے مقام سے بازیاب کروا کر ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ جوڑا تاحال پولیس کی تحویل میں ہے۔
ایس پی صدر کامران عامر کا کہنا تھا کہ ملزمان کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، مقدمے میں اب تک 10 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، گرفتار ملزمان میں عبدالمنان، عبدالمتین، زیاب، حامد، قمر زمان، شاہ ذیب، آصف، نصیر، عدنان اور ناصر شامل ہیں۔

کامران عامر نے مزید کہا کہ واقعے میں ملوث تمام افراد کو گرفتار کر کے قرارواقعی سزا دلوائی جائے گی۔
دوسری جانب پسند کی شادی کرنے والی لڑکی نے اپنا ویڈیو بیان جاری کیا ہے جس میں لڑکی نے بتایا ہے کہ اس کا نام قرۃ العین ہے اور اس نے اپنی مرضی سے نعمان سے نکاح کیا، جب عدالت میں بیان دینے پہنچے تو لڑکی کے رشتہ داروں نے وہاں آکر بدتمیزی کی، دونوں کو اٹھا کر لے گئے۔
لڑکی نے مری پولیس کا جان بچانے کے لئے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اگر پولیس بروقت کارروائی نہ کرتی تو دونوں کو مار دیا جاتا۔
- Featured Thumbs
- https://i.imgur.com/GP73aCU.jpg